سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہانےسری نگر کی ڈل جھیل سے’ ترنگا یاترا ‘کا جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا اور ڈل جھیل سے بوٹینیکل گارڈن تک واکتھون میں شرکت کی۔اُنہوں نے کہا،’’ترنگا میرا دھرم ہے، ترنگا میری طاقت ہے، ترنگا میرے دِل کی دھڑکن ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’ ہم اَپنے فرض کی ادائیگی کے لئے اس مقدس سرزمین پر بار بار خوشی سے جنم لیں، بھارت ماتا کی جئے!‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنرنے اُن بہادروںکو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ترنگے کو اس کی مکمل شان کے ساتھ بلند رکھنے کے لئے اَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ہزاروں لوگ فخر کے ساتھ قومی پرچم کی تعظیم کے لئے جمع ہوئے جو ہماری یکجہتی، فخر اور مشترکہ شناخت کی علامت ہے۔ آج ہمارے عظیم ملک کی کامیابی کا جشن منانے کا دن ہے، تاہم ہمیں اَپنی ذمہ داریوں پر بھی غور کرنا چاہیے اور اَپنی کامیابیوں کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’ہمیں یہ بھی عزم کرنا چاہیے کہ ہم اَپنے فوجیوں، سینٹرل آرمی پولیس فورسز اور پولیس کی قربانیوں کی بنیاد پر جدید اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر کریں گے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ایک جامع ترقی کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ جموںوکشمیر کے لوگ تجدید اعتماد اور ایمان کے ساتھ اَپنی تقدیر خود لکھ رہے ہیں ۔اب ادھورے خواب آخرکار شرمندہ تعبیر ہو رہے ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’جموںوکشمیر کے لوگ اپنے دلوں میں ماں بھارتی کے لئے محبت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ حب الوطنی کا جذبہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہے جو جموں و کشمیر اور قوم کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کر رہی ہے۔‘‘اُنہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں، نوجوانوں، ناری شکتی، عوامی نمائندوں، محکمہ ثقافت، محکمہ تعلیم، جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز، تعلیمی اِداروں، این سی سی کیڈٹوں اور تمام شراکت داروں کا ’’ہر گھر ترنگا‘‘مہم میں تاریخی شرکت اور تعاون پر شکریہ اَدا کیا۔منوج سِنہا نے کہا ،’’جموں و کشمیر کے آسمان ترنگے سے جگمگارہے ہیں۔ جہلم کے کناروں سے لے کر چناب تک اورپیر پنجال کی چوٹیوں سے لے کر ہرمکھ تک، ہر جگہ ’’بھارت ماتا کی جئے ‘‘کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ ایک نئی نسل اُبھر رہی ہے جو ترنگے کی عزت و وقارکے لئے وقف ہے۔ ان کا ایک ہی عزم ’ ماں بھارتی کے لئے جینا اور مرنا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سکولوں، کالجوں، گلیوں اور محلوں میں جاری ’’ویوز اینڈ تھریڈز‘‘ کی سرگرمی نے ایک نیا جذبہ اور مقصد پیدا کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں یونین ٹیریٹری بھر میں منعقدہ ترنگا میلہ، ترنگا کنسرٹس اور ترنگا بائیک ریلیوں جیسے تقریبات ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کی داستانوں کو لوگوں تک پہنچانے اور قومی اتحاد و اَمن کا پیغام عام کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہیں۔اُنہوں نے سماج کے تمام طبقات بالخصوص جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 13 ؍اگست سے شروع ہونے والے ’ہر گھر ترنگا مہم ‘کے تیسرے مرحلے میں جوش و خروش سے حصہ لیں۔لیفٹیننٹ گورنر کے کہا،’’ہر گھر ترنگا ابھیان ہر نوجوان کے خوابوں اور اُمنگوں کی مہم ہے۔ یہ خود اَنحصار جموں و کشمیر کی علامت ہے جو اَب مستقبل کی طرف واضح اور پُرعزم راستے پر گامزن ہے۔ یہ مہم ہمارے نظریات اور یکجہتی کا جشن ہے۔ حکومت کے دفاتر اور گھروں پر ترنگا بلند ہوگا۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کرگل جنگ کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور جموں و کشمیر کے شہدأ کے اعزاز میں ایک مونوگراف جاری کیا۔حب الوطنی سے بھرپور ترنگا کنسرٹ نے لاتعداد ہیروز اور بہادروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ہندوستانی تحریک آزادی کے جذبے کو دوبارہ زندہ کیا۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ،وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سکولی تعلیم و سماجی بہبود سکینہ اِیتو،وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا،وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی جاوید احمد ڈار،چیئرپرسن جموں و کشمیر وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اَندرابی،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو،ڈِی جی پی نِلین پربھات،،پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی،پرنسپل سیکرٹری ثقافت برج موہن شرما،مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے اَفراد، سری نگر کے رہائشی، سیکورٹی فورسز، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران نے ’ترنگا یاترا‘ میں شرکت کی۔










