کہا،یہ صحت مرکز طبی ڈھانچے کو مضبوط بنائے گا اور سری نگر شہر اور قریبی اضلاع کیلئے صحت سہولیات میں بہتری لائے گا
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے پیر کے روز سری نگر میں میرز ہیلتھ کیئر ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔یہ 180بستروں پر مشتمل ایک سپر اپیشلٹی ہسپتال ہوگا ۔اس سے میڈیکل اِنفراسٹرکچر کو فروغ ملے گا اور سری نگر شہر اور قریبی اَضلاع کے لئے صحت خدمات کو بہتر بنائے گا۔اُنہوںنے میرز گروپ اور ہسپتال سے وابستہ تمام اَفراد کو مُبار ک باد دِی اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ صحت شعبے میں نجی سرمایہ کاری دیرپا قومی ترقی کی بنیاد اوراور معاشرے کے لئے زِندگی کی رَہ ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’صحت ایک مستحکم، متحرک اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کی بنیاد ہے۔ صحت شعبے کے صنعت کاروں کو ایک مضبوط اور باوقار معاشرہ تشکیل دینے کے لئے عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔‘‘اِس موقعہ پر منیجنگ ڈائریکٹر میرز گروپ فاروق میر، چیئرپرسن جموںوکشمیر وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اندرابی، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی،ضلع ترقیاتی کمشنر اکشے لابرو، سینئر افسران، طبی ماہرین اور مختلف شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والے معزز شہری موجود تھے۔










