لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میں دوبارہ تیار شدہ امیرا کدل پُل کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میں دوبارہ تیار شدہ امیرا کدل پُل کا اِفتتاح کیا

یہ تاریخی اہمیت کا حامل منصوبہ ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے شہری آواجائی اور معیار ِزِندگی میں بہتری لائے گا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے منگل کے روز سری نگر میں دوبارہ تیار شدہ امیرا کدل پُل کا اِفتتاح کیا۔یہ منصوبہ سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے تحت 7.70 کروڑ روپے کی لاگت سے دسمبر 2023 ء میں شروع کیا گیا تھا جس میں ورثے کے تحفظ ، ساختی حفاظت اور معیار پر مکمل توجہ دی گئی۔لیفٹیننٹ گورنر نے پیدل چلنے والوں کے لئے تعمیر کردہ لکڑی کے اس پُل کو سری نگر کے لوگوںکے نام وقف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی اہمیت کا حامل منصوبہ ورثے کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ شہری آواجائی اور معیارِ زندگی میں بھی بہتری لائے گا۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارا بنیادی مقصد جدید ٹیکنالوجی اور جامع ڈیزائن کے ساتھ معیارِ زِندگی کو ایک نئی سطح پر لانا ہے ۔ ہم نے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ یا تجدید کرتے ہوئے ہر شہرکی حفاظت اورجاذِب نظر بنانے کا ایک مشن بنایا ہے اورتاریخی گلیوں ، پُلوں ، روایتی بازاروں ، متحرک چوراہوں اور پُر سکون سبز مقامات کو محفوظ رکھ کر ہر شہر کے ثقافتی سہولیات کو جوڑنے کی کوشش کی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیا شہر کے بنیادی ڈھانچے کی تزئین و آرائش اور اَپ گریڈیشن کو ایک پُل بننا چاہیے جو خوبصورتی سے ورثے کو آج کی ضروریات سے جوڑے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ نقطہ نظر پہلے ہی جموں و کشمیر کے کئی شہروں میں نظر آ رہا ہے۔ جہلم ریور فرنٹ، لال چوک، ایم اے روڈ ڈیولپمنٹ، پولو ویو ہائی سٹریٹ کی ترقی، روایتی سوق مارکیٹ اور کرافٹ سینٹر بٹہ مالو، نشاط سے نسیم باغ حبک تک نارتھ فورشور روڈ پر جھیل کنارے واک ویز کی ترقی، جہلم کے کنارے گھاٹوں کی بہتری، شہرخاص سری نگر کے ہیر ٹیج مارکیٹوں کی بہتری، ڈوگرہ چوک سے کے سی چوک تک سڑک کی بہتری، اپسرا روڈ ہائی سٹریٹ، کنال روڈ تالاب تِلو کی سٹریٹ ڈیولپمنٹ، ہیرٹیج سائٹ مبارک منڈی سے رگھوناتھ بازار تک کی سٹریٹ ڈیولپمنٹ، باہو فورٹ مندر تک رسائی، رنبیر کنال بلیو گرین واک وے پروجیکٹ، اور توی ریور فرنٹ اب نئی دلکشی کے ساتھ زندگی سے بھرپور ہیں جو نہ صرف سیاحوں کو اَپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں بلکہ کاروبار اور مقامی معیشت کو بھی مضبوط بنا رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے ذریعے اَپنے شہروں میں نئی زِندگی کی سانس لے کر ہم جڑوں کا احترام کر رہے ہیں۔ اُنہوںنے کہا کہ یہ عزم صرف بنیادی ڈھانچے کے اَپ گریڈیشن تک محدود نہیں ہے بلکہ نوجوان نسل کے لئے ایک روشن، مضبوط اور دیرپامستقبل کی تعمیر سے جڑا ہوا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ایک حقیقی سمارٹ سٹی صرف نئی عمارتوں یا سڑکوں کا نام نہیںبلکہ یہ معیاری زِندگی کے ایک نئے تصور کو جنم دینے کا عمل ہے جو متحرک، مؤثر اور جامع ہو۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مقامی دُکانداروں اور تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیدل پُل کے کُھلنے سے رَسائی میں بہتری آئے گی، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور سیاحوں کو خوشگوار تجربہ حاصل ہوگا۔اِفتتاحی تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی لال چوک احسان پردیسی،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، اِنسپکٹر جنرل پولیس کشمیر وی کے بردی،ضلع ترقیاتی کمشنرسری نگر اَکشے لابرو، چیف ایگزیکٹیو آفیسر سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ فضل الحسیب، سینئر اَفسران، تجارتی انجمنوں کے نمائندگان اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔