کپواڑہ// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے زنگلی کپواڑہ میں آج وِجر ڈویژن کی جانب سے چلائے جارہے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا سینٹر’روشن مستقبل‘ کا دورہ کیا جو مقامی نوجوانوں کی تعلیم، ہنر اور روزگار کی راہ ہموار کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ میجر جنرل کے موہن نائیر، جنرل آفیسر کمانڈِنگ وِجر ڈویژن اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔ سینٹر میں اس وقت زائد اَز 690 نوجوان داخلہ لے چکے ہیں جو خود اور معاشرے کے لئے بہتر مستقبل بنانے میں مصروف ہیں۔یہ سینٹر مقابلہ جاتی اِمتحانات کی تیاری کے لئے کلاس روموں، ڈیجیٹل تعلیم اور کمپیوٹر لیبز، لائبریری اورریڈنگ روم، سیاحت اور مہمان نوازی کی تربیتی سہولیات کے علاوہ انٹرپرینیور شپ انکیوبشن کے لئے سہولیت اور مارکیٹ کے روابط فراہم کرتا ہے۔ نوجوانوں کا یہ سینٹر کھیلوں، کشمیری ثقافت اور جدید نقطہ نظر کے امتزاج کا ذریعہ بن چکا ہے تاکہ ’روشن مستقبل ‘کی راہ ہموار ہو سکے۔’روشن مستقبل‘ نے بہت کم وقت میں قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہاں تربیت یافتہ نوجوان ملک بھر میں ملازمتیں حاصل کر رہے ہیں۔ اس سینٹر نے آمدنی پیدا کرنے والے سٹاٹ اَپس، خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت اور قومی یکجہتی کو بھی فروغ دیا ہے۔
