لیفٹیننٹ گورنر نے جنرل زور اور سنگھ کو ان کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے جنرل زور اور سنگھ کو ان کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا

کہا،آئیے ہم اَپنے آپ کو زِندگی بدلنے، نوجوانوں کی رہنمائی ومدد کرنے اورایک منصفانہ وپُرامن معاشرہ تعمیرکیلئے وقف کریں

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جمعہ کے روز بہادر سپاہی، ہندوستان کے عظیم ترین کمانڈر اور فوجی حکمت عملی کے ماہر جنرل زوراور سنگھ کو اُن کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے کہا،’’جنرل زوراور سنگھ کا نظریہ نسلوںکے لئے مشعلِ راہ رہا ہے جس نے لوگوں کو مشترکہ ویژن ،جذبہ ، حوصلہ ، مقصد ، بلند نظری اور عظیم اَقدار کیلئے عزم کی طرف رہنمائی کی۔منوج سِنہا نے جموں میں ایک یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لداخ، بلتستان، گلگت اور سکردو میں جنرل زورآور سنگھ کی عظیم فوجی مہمات پر بات کی اور ڈوگرہ سلطنت کی توسیع میں ان کے اہم رول کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے نوجوانوں اور معاشرے کے تمام طبقات سے کہا کہ وہ بہتر مستقبل کی تشکیل اورپسماندہ طبقات کو بااِختیار بنانے کے لئے جنرل زورآور سنگھ کے اَخلاقی وضاحت اوریقین کے پیغام کو اَپنائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’آئیے ہم اَپنے آپ کو زِندگی بدلنے، نوجوانوں کی رہنمائی و اُن کی مدد کرنے اور ایک منصفانہ و پُرامن معاشرہ تعمیر کے لئے وقف کریں۔‘‘اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میںمرکزی حکومت جنرل زورآور سنگھ کی خدمات کو شایانِ شان خراج پیش کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے مزید کہا،’’مرکزی حکومت نے اُن کی میراث کو عزت دینے کے لئے جنرل زور آور سنگھ جی کے نام پر ایک جدید ملکی ہلکی ٹینک کانام رکھا ہے ۔اُنہوں نے کہا ،’’جموں یونیورسٹی میں جنرل زوراور سنگھ چیئر بھی قائم کی گئی ہے۔ نئی نسل کو اُن کی بے مثال فوجی مہمات اور سماجی تنظیم کے نظریہ کا مطالعہ کرنے کی ترغیب دینے کے لئے بھی سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔‘‘تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی باہو وکرم رندھاوا، چیئرمین جنرل زور آور سنگھ میموریل ایجوکیشن اینڈ چیئر ٹیبل ٹرسٹ دیویندر سنگھ کلوریا، ٹرسٹیز ریاکلوریا اور دکشا کلوریا،صدر جے اینڈ کے ایکس سروسز لیگ لیفٹیننٹ جنرل آر کے شرما (ریٹائرڈ)،پرنسپل سیکرٹری کلچر برج موہن شرما، سرکردہ شہری اور مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود تھے۔اِس موقعہ پر میجر جنرل گوردھن سنگھ جموال (ریٹائرڈ)،صدر گاندھی گلوبل فیملی جے اینڈ کے پدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما،صدر ڈوگرہ صدر سبھا کرنل کرن سنگھ (ریٹائرڈ)، سابق فوجی اہلکار اور فوج، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔