لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں دہشت گردی سے متاثرہ کنبوں کیلئے مخصوص ویب پورٹل کا آغاز کیا

لیفٹیننٹ گورنر جموںوکشمیر یوٹی میں تمام معاملات کے اَزالے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج دہشت گردی سے متاثرہ کنبوں کے لئے ایک مخصوص ویب پورٹل کا آغاز کیا۔ یہ اقدام دہشت گردی سے متاثرہ اَفراد کو اِمداد، ہمدردانہ تقرریوں اور دیگر سرکاری سہولیات کی فراہمی کے عمل کو منظم، شفاف اور تیز رفتار بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ طرف سے این آئی سی کے تعاون سے تیار کردہ ویب پورٹل، دہشت گردی سے متاثرہ کنبوں کے بارے میں جامع ضلع وار ڈیٹا حاصل کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے لئے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ اِس کے ذریعے متاثرہ افراد یا ان کے قریبی رشتہ داروں کی جائیدادوں پر کسی بھی قسم کے قبضے کی معلومات بھی درج کی جائیں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ اَقدام اُن تمام اَفراد کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کرنے کے لئے ہے جو جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں۔ یہ پورٹل متاثرین کے لئے مختلف نوعیت کی معاونت جیسے مالی امداد، ایکس گریشیا معاوضہ اور ہمدردانہ روزگار کے عمل کو آسان بنائے گا۔‘‘

لیفٹیننٹ گورنر خود پورے جموںوکشمیر یوٹی میں ان تمام معاملات کی نگرانی اور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کوئی جائز معاملہ رہ نہ جائے اور ہر مستحق کنبے کو اس کا حق بروقت اور شفاف طریقے سے ملے۔صوبائی کمشنروں کے دفاتر میں ٹول فری ہیلپ لائن نمبرات جموں (0191-2478995)اور کشمیر(0194-2487777)ڈویژن کے لئے قائم کئے گئے ہیں تاکہ اگر کوئی دعویٰ رہ گیا ہو یا زیر اِلتوا ٔہو تو وہ رجسٹر کیا جا سکے۔یہ ہیلپ لائنز مخصوص کنٹرول روموں کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں جو شہریوں کے لئے ایک رابطہ مرکز کے طور پر کام کرتی ہیں تاکہ دہشت گردی سے متاثرہ کنبوں کو حکومت کی جانب سے بقایا اِمداد، جیسے کہ معاوضہ، ایکس گریشیا اِمداد اور ہمدردانہ تقرریوں سے متعلق شکایات یا اِستفسارات درج کئے جا سکیں۔
ہیلپ لائنز پر تربیت یافتہ عملہ رکھا گیا ہے اور ان کو سنٹرلائزڈ ایپلی کیشن کے ساتھ مربوط کیا جائے گا تاکہ ہر شکایت کا باقاعدہ اِندراج ہو اور اِس پر فوری کاررِوائی کی جا سکے۔شکایات اور زیر اِلتوأ دعوئوں کی باقاعدہ نگرانی، ہم آہنگی اورجلد اَز جلد اَزالے کو یقینی بنانے کے لئے چیف سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے دفاتر میں خصوصی مانیٹرنگ سیلز قائم کئے گئے ہیں۔یہ خصوصی سیلز باقاعدگی سے معاملات کا جائزہ لیں گے، تاخیر یا رُکاوٹوں کی وجوہات کا تجزیہ کریں گے اور متعلقہ محکموں سے رابطہ کرکے شکایات کا فوری اور منصفانہ حل یقینی بنائیں گے۔چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ، ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات، پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ایم راجو،کشمیر اور جموں کے صوبائی کمشنران وِجے کمار بدوری اور رمیش کمار، آئی جی پی کشمیر وِی کے بردی، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی اور این آئی سی کے سینئر آفیسر جسکرن سنگھ مودی نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ تقریب میں شرکت کی۔