لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں جے اینڈ کے بینک کے ریجنل بزنس سینٹر کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں جے اینڈ کے بینک کے ریجنل بزنس سینٹر کا اِفتتاح کیا

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے منگل کے روز ریل ہیڈ کمپلیکس جموں میں جموں و کشمیر بینک کے ریجنل بزنس سینٹر کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر جے اینڈ کے بینک کی پوری ٹیم کو مُبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔یہ نیا قائم شدہ سینٹر بینک کے بنیادی ڈھانچے اور کاروباری توسیع کی حکمت عملی میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پرایک اہم عملی اور اِنتظامی مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ اس سہولیت کو مضبوط اِنفراسٹرکچر اور بہتر کسٹمر انٹرفیس ائیریاز کے ذریعے سروس کی فراہمی او ر عملی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔یہ مربوط اور ٹیکنالوجی سے لیس بزنس سینٹر کارکردگی کو بڑھانے، مارکیٹ میں رَسائی کو گہرا کرنے اور جے اینڈ کے بینک کے دیرپا اور جامع توسیعی وژن کو مختلف خطوں میں آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ایم ڈِی و سی اِی او جے اینڈ کے بینک امیتاو چٹرجی نے بھی لیفٹیننٹ گورنر کو بینک کی مضبوط مالی کارکردگی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بینک کا کاروبار 2.90 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ریجنل بزنس سینٹر کا قیام محض فزیکل اِنفراسٹرکچر کی توسیع نہیں ہے بلکہ ایک اہم ترقی پذیر خطے میں ہماری کاروباری ساخت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے۔یہ نیا ریجنل بزنس سینٹر جموں خطے میں بینک کی موجودگی کو مزید مستحکم کرے گا اور صارفین کی توقعات اور کاروباری ضروریات کے مطابق اِنفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے اَپنے عزم کو بھی تقویت دے گا۔اِس عمارت میں کرنسی چیسٹ، جدید طرز کی برانچ، مختلف محکمانہ دفاتر اور وقف آپریشنل و انتظامی یونٹس شامل ہیںجس سے اِنتظامی اور بیک اینڈ سپورٹ میں نمایاں بہتری آئے گی۔ یہ سہولیت تیز تر فیصلہ سازی، بہتر کوآرڈی نیشن اور اعلیٰ کسٹمر سروس کو قابل بنائے گی۔ اِفتتاحی تقریب میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، جے اینڈ کے بینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سدھیر گپتا، بورڈ آف ڈائریکٹرز اراکین آر کے چھبر اور ارون گندوترا، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، چیف جنرل منیجرز، ڈویژنل ہیڈ، جنرل منیجروں اور بینک کے دیگر عہدیداران کے علاوہ صنعتوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔