کہا،ہمیں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہے
جموں//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے سوموار کو جموں و کشمیر پولیس کو دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت دِی۔اُنہوں نے کہا،’’جموںوکشمیر پولیس کا عزم اور قوم کے لئے پیغام یہ ہے کہ مشکلات ہمارے جذبے کو نہیں توڑیں گی۔ ہم ہر رُکاوٹ کو عبور کریں گے اور نئے سنگِ میل حاصل کریں گے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر جموں کے’ کے کے ہکو ہاکی سٹیڈیم میںجموںوکشمیرپولیس کے شہدأ میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کی اِفتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اِس سال کے مقابلوں میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ ٹورنامنٹ 10 برس سے زیادہ کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر پولیس کے بہادر اہلکار جنہوں نے اَپنا آج قوم کے کل کے لئے قربان کیا، اَپنی وردی کو سب کے لئے فرض سمجھ کر پہنا اور قومی اعزاز کو زِندگی سے زیادہ قیمتی قرار دیا،یہ یادیں ہمیشہ زندہ رہنی چاہئیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بہادروں کو دی جانے والی حقیقی خراجِ عقیدت کبھی مدھم نہیں پڑتی بلکہ زِندگی کے ساتھ دھڑکتی رہتی ہے اور آنے والی نسلوں کی رگوں میں دوڑتی رہتی ہے۔اُنہوںنے کہا،’’ہمارے جموںوکشمیر پولیس کے شہدأ نے فرض اور خود قربانی کے فلسفے کو عملی شکل دی۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان اَقدار کو نوجوانوں میں منتقل کریں اور ان کے مضبوط کردار کی تعمیر کریں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے سوک ایکشن پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے جموںوکشمیر پولیس فورس کی کوششوں کی ستائش کی۔اُنہوںنے کہا، ’’جموںوکشمیر پولیس کا سوک ایکشن پروگرام صرف ایک سرکاری سکیم نہیں ہے ۔یہ ایک ذہنیت ہے جو سماج کو یہ دکھاتی ہے کہ دیرپا امن باہمی اعتماد سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ تعلقات اور کمیونٹی کی شمولیت سے سیکورٹی مضبوط ہوتی ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے ہر طبقے سے منشیات کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کی اپیل کی۔اُنہوں نے کہا،’’ہم جموںوکشمیر کو منشیات سے پاک رکھنے کا اور جے اینڈ کے پولیس شہدأ میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے جموں و کشمیر پولیس اور یو ٹی انتظامیہ کے نوجوانوں کا ہاتھ تھامنے، ان کے لئے روشن مواقع پیدا کرنے اور ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا جہاں ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم ملے، نوجوان توانائی کو سمت ملے اور خوابوں کو وسائل دستیاب ہوں۔اِفتتاحی تقریب میں ڈِی جی پی جموں وکشمیر نلین پربھات ،سپیشل ڈِی جی ( کوآرڈی نیشن ) ایس جے ایم گیلانی،کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈز، سول ڈیفنس اور ایس ڈِی آر ایف جے اینڈ کے،اے ڈِی جی پی آرمڈ پولیس آنند جین، جموںوکشمیر پولیس اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران، ہاکی ایسوسی ایشن کے اراکین اور کھیلوں کے نامور شخصیات نے شرکت کی۔










