لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں سے بات چیت کی اور سہولیات کے بارے میں تاثرات حاصل کئے
گاندربل//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے بال تال بیس کیمپ کا دورہ کر کے شری اَمرناتھ جی یاترا۔ 2025 کے جاری اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کیمپ ڈائریکٹر، ضلع اِنتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کے اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں یاتریوں کی آسان اور محفوظ آواجاہی کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اَقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اُنہوں نے مٹی کے پھسلنے سے بچاؤ کے لئے کئے گئے اَقدامات کے ساتھ ساتھ یاتریوں کے لئے آرام دہ قیام، خوراک، صحت سہولیات،کنکٹویٹی، صفائی، پانی و بجلی کی فراہمی، ٹریفک مینجمنٹ، موقعہ پر رجسٹریشن اور دیگر اِنتظامات کا جائزہ بھی لیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں اور خدمت فراہم کرنے والوں سے بات چیت کی اور اُن کی رائے لی۔اُنہوں نے موسم کی کسی بھی خرابی سے نمٹنے کے لئے متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور ردِّعمل کے طریقۂ کار کا بھی جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ حساس مقامات میں یاتریوں کی حفاظت کے لئے جامع اور ٹھوس اَقدامات یقینی بنائے جائیں۔

لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بال تل بیس کیمپ کے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے سے بات چیت کی اور یاتریوں کے لئے دستیاب طبی سہولیات کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے یاترا کی محفوظ، منظم اوربغیر کسی رُکاوٹ انجام دہی کو یقینی بنانے میں مصروف تمام محکموں اور ایجنسیوں کی لگن و محنت کی بھرپور ستائش کی۔اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر وی کے بردی،سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور، شری اَمرناتھ شرائین بورڈ، پولیس، سیکورٹی فورسز اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران بھی تھے۔










