لیفٹیننٹ گورنر نے بارہمولہ میں نوجوانوں سے اِستفساری گفتگو کی اور جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے بارہمولہ میں نوجوانوں سے اِستفساری گفتگو کی اور جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا

حکومت بہتر مستقبل کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے ضروری مواقع اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر

بارہمولہ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج بارہمولہ کا دورہ کیا اور سیو یوتھ سیو فیوچر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ’’رابطہ ۔عوام پروگرام‘‘ کے دوران نوجوانوں سے اِستفساری گفتگو کی۔اُنہوںنے کہا کہ ہمارے لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ اُنہوں نے مجرموں اور دہشت گردوں کی مدد کرنے والوں اور انہیں پناہ دینے والوں کو متنبہ کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ہم اَپنے لوگوں کو نشانہ بنانے میں دہشت گردوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو نہیں بخشیں گے۔ ہم انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ لوگوں کو دہشت گردی کے مرتکب اَفرادکے خلاف اُٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ سیکورٹی فورسز، اِنتظامیہ اور عوام کو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔‘‘اُنہوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور اُنہیں بہتر کل کے لئے ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ضروری مواقع اور سہولیات فراہم کرنے کی خاطر حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے باصلاحیت نوجوانوں کو یقین دلایا کہ انہیں بااِختیار بنانا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر کہا ،’’ ہمارے نوجوان تخلیقی صلاحیتوں کی بے خوف قوت اور مثبت تبدیلی کے علمبردار کے طور پر ایک روشن اور متحرک جموں و کشمیر کی تعمیر کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی اُمیدوں ، اُمنگوں اور خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘‘اُنہوں نے قوم کی تعمیر میں نوجوان نسل کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کے لئے ملک کے بانیوں کے نظریات اور اَقدار پر عمل کرتے ہوئے ٹیم کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سماج کے لئے ایک نئی تقدیر کو بنانے کی خواہش اور عزم سے روشن نوجوانوں کی مشترکہ طاقت ‘‘ وِکست بھارت ‘ اور ایک پُر سکون، پُرامن، خوشحال جموں کشمیر کے سفر میں سب سے بڑی طاقت ہوگی۔اُنہوں نے گزشتہ چند برسوں میں حکومت کی اہم اِصلاحات اور اَقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ترقی اور امن کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے لئے نوجوانوں کی توانائی کو متحرک کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جب نوجوانوں کی توانائی اور ان کے متحرک اقدامات کو ترقی ، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے تو وہ نہ صرف خطے کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے کام کرتے ہیں بلکہ ان کا شعور ، تخلیقی صلاحیت ، اِختراع اور ان کی ہمت مختلف ترقیاتی شعبوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ امن کا پیغام لے کر جائیں اور اِنسداد بنیاد پرستی اور منشیات کی لت کو روکنے میں اَپنا رول اَدا کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو درپیش بہت سے چیلنجوں میں منشیات کی لت کا چیلنج بھی شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک جموں و کشمیر ہمارے نوجوانوں کو اپنی حقیقی صلاحیتوں کا ادراک کرنے اور سخت محنت کے ساتھ اپنے آنے والے کل کی تشکیل کو یقینی بنانے کا ایک قدم ہے۔اُنہوں نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے انتھک محنت کرنے کے لئے سیو یوتھ سیو فیوچر فاؤنڈیشن کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نوجوان نسل جدید جموں و کشمیر کے خواب کو پورا کرے گی اور ترقی کی اُمنگوں کو حاصل کرنے میں سماج کی مدد کرے گی۔ اِستفساری سیشن کے دوران مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوان پینل لسٹوں نے جموں کشمیر کے موجودہ منظر نامے اور تبدیلی کے سفر پر اَپنے اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں، سول سوسائٹی کے ممبران اور سماج کے مختلف طبقوں کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل اور مطالبات کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ بات چیت کے دوران ان کی طرف سے پیش کردہ حقیقی مسئلے کے ازالے کے لئے مناسب کارروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے لوگوںپر زور دیا کہ وہ ملک دشمن عناصر اور امن میں خلل ڈالنے والوں کی نشاندہی کریں اور انہیں الگ تھلگ کریں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان کامیابی حاصل کرنے والوں، سماجی کارکنوں اور ممتاز شہریوں کو معاشرے میں ان کی خدمات کے لئے مُبارک باد پیش کی۔اِس موقعہ پرصوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری، آئی جی پی کشمیر ودھی کمار بردی،ڈی آئی جی این کے آر بارہمولہ مقصود الزمان، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیر پا،چیئرمین سیو یوتھ سیو فیوچر فاؤنڈیشن وجاہت فاروق بٹ، ممتاز شہری، سیو یوتھ سیو فیوچر فاؤنڈیشن کے ممبران اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔