جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے جمعہ کے روز آرمی گڈ وِل سکول (اے جی ایس) سوجیاں پونچھ کے طلبأ سے اِستفساری گفتگو کی جو آپریشن سدبھائونا کے تحت جموںوکشمیر اِنٹگریشن ٹور کے ایک حصے کے طور پر جموں کا دورہ کر رہے ہیں۔یہ دورہ وائٹ نائٹ کور کے رَسائی پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا ہے جس کا مقصد سرحدی اور دُور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں میں قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور ان کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سرحدی علاقوں میں نوجوانوں کی فلاح و اور ترقی کے لئے ہندوستانی فوج کے مسلسل عزم کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کے اَقدامات نوجوان ذہنوں کی آبیاری میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں اور ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو مضبوط بناتے ہیں۔اس گروپ میں 33 طلبأ شامل تھے جواساتذہ اور فوجی اہلکار وں کے ساتھ تھے۔ اُنہوں نے اَپنے دورے کے ذاتی تجربات بھی اِشتراک کئے۔اِس دورے کا بنیادی مقصد سرحدی دیہاتوںسے تعلق رکھنے والے بچوں کو تجربہ فراہم کرنااور ملک کے ثقافتی، سماجی اور اِدارہ جاتی ڈھانچے کے بارے میں فہم کو کرنا ہے جبکہ اعتماد اور تعلق کا احساس پیدا کرنا بھی ہے۔دورے کے پروگرام میں پونچھ، راجوری، جموں اور سری نگر کا دورہ شامل تھا جہاں طلبأ کو متنوع ماحول اور اِداروں سے روشناس کیا گیا۔دورے کے دوران طلبأنے کئی چیزوں کا پہلی بار تجربہ کیا جن میں سری نگر تک ریل کا سفر اور شہری ماحول جیسے شاپنگ کمپلیکس،جموں میں ایئر فورس سٹیشن اور فوجی زندگی کے طریقے سے واقفیت شامل ہے جس سے ان کے نظریات میں وسعت اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔










