کہا، نوجوان جموںوکشمیر کا روشن مستقبل اور دیرپا اَمن و خوشحالی کو یقینی بنائیں گے
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہانے اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) اونتی پورہ میں منعقدہ ’وِکسِت بھارت یووا کنیکٹ پروگرام ‘سے خطاب کیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے نوجوانوں کو قوم کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے روشن مستقبل اور دیرپا امن و خوشحالی کے ضامن بن سکتے ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں اور پالیسی سازوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو قومی تعمیر میں فعال شراکت دار بنانے کے لئے ایک اِنقلابی قدم ہے۔ یہ پہل وزارت امورِ نوجوانان و کھیل کی جانب سے شروع کی گئی ہے جس کا مقصد 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنا ہے۔لیفٹیننٹ گورنرنے وزیر اعظم نریندر مودی کی ’’چار ستونوں‘‘ والی حکمت عملی ’شراکت، حوصلہ افزائی، بااختیار بنانا اور تحریک دینا‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’ مائی بھارت‘ پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کو پالیسی سازی، قیادت اور مکالمے میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ قومی ترقی کے سفر میں مؤثر رول ادا کر سکیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ’نیشن فرسٹ‘کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں اور وزیر اعظم کے ’پنچ پران‘ کو اَپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ اُنہوں نے تخلیقی سوچ، قیادت، خوداعتمادی، مستقل مزاجی اور ناکامیوں سے سیکھنے کی ہمت کو کامیابی کی کنجی قرار دیا۔اُنہوں نے آئی یو ایس ٹی کی تعلیمی اِصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں جموں و کشمیر کی پہچان بدلی ہے اور دیگر اداروں کے لئے بھی تحریک بنی ہے۔ اُنہوں نے اِس موقعہ پر تجویز پیش کی کہ آئی یو ایس ٹی کو اب سیمی کنڈکٹر لیبارٹری قائم کرنے کی سمت میں قدم اُٹھانا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے اس بات پر زور دیا کہ ہم وِکست بھارت کا ہدف تبھی حاصل کرسکتے ہیں جب جموں و کشمیر، اس کے اضلاع اور یونیورسٹیاں بھی ترقی یافتہ بنیں۔ اُنہوں نے یونیورسٹی کی طرف سے تیار کردہ اِدارہ جاتی ترقیاتی منصوبے کی بھی رونمائی کی جو تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں مستقبل کے لئے رہنمائی فراہم کرے گا۔اُنہوں نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایک جامع، مضبوط اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں اَپنا بھرپور رول اَدا کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے منشیات کے خلاف عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام تعلیمی اِداروں کو ’منشیات سے پاک کیمپس‘ بنانے کا ہدف دیا۔ اُنہوں نے تجویز پیش کی کہ داخلے کے وقت ہی طلبأ سے منشیات سے دوری کا حلف لیا جائے، ہر یونیورسٹی میں ’سی نو ٹو ڈرگز‘ سٹوڈنٹ کمیٹی بنائی جائے، خفیہ رپورٹنگ نظام قائم کیا جائے اور مشاورت و بحالی کی سہولیات جیسے ’ٹیلی-مانس‘ کو فروغ دیا جائے۔ اِس کے علاوہ نشے سے متعلق بیداری نصاب میں شامل کرنے پر بھی زور دیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے وِکسِت بھارت یوتھ پارلیمنٹ، مباحثہ مقابلے اور دیگر تقریبات کے فاتحین کواعزازات سے نوازا اور 12 ؍اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے ہونے والے’ وِکسِت بھارت یووا کنیکٹ پروگرام ‘کے باضابطہ آغاز کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیاجس میں ملک بھر کی 1,339 یونیورسٹیاں شرکت کریں گی۔پروگرام میں طلباء نے یووا سمواد کے تحت قومی ترقی، سماجی ذمہ داری اور موجودہ مسائل پر کھلے مباحثے میں حصہ لیا۔ اس کے بعد سردار پٹیل کی زندگی پر مبنی’’ سردار @ 150‘‘ویڈیو بھی دکھائی گئی۔اِس موقعہ پروائس چانسلر آئی ایو ایس ٹی پروفیسر شکیل احمد رومشونے ادارے کی ترقیاتی منصوبہ بندی پر خصوصی پرزنٹیشن پیش کی جس میں تعلیمی، انتظامی، تحقیقی اور سماجی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شانت منو، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بشارت قیوم، ڈین اکیڈیمک افیئرز پروفیسر اے ایچ مون، رجسٹرار آئی یو ایس ٹی پروفیسر عبد الواحد،سینئر اَفسران، سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طلبأ موجو دتھے۔










