کہا، پیدل تھرو پیرا ڈائز صرف کھیلوں کا ایونٹ نہیں ہے بلکہ نئے جموں وکشمیر کی علامت ہے
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سری نگر میں منعقدہ ’پیڈل تھرو پیراڈائز‘ سائیکل ریس ۔2025 کی پُر وقار تقریب میں شرکت کی جو جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔اُنہوں نے جیتنے والوں کو مبارک باد دِی اور شرکأکے جوش و جذبے اور اتحاد کے جذبے کو سراہا۔اِس مقابلے میں ملک کے مختلف حصوں سے 5,500 سے زائد سائیکل سواروں نے 10 زمروں میں حصہ لیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں جموںوکشمیریوٹی میں اَمن اور ترقی کو برقرار رکھنے میں جموںوکشمیر پولیس کی قربانی، فرض شناسی ، لگن اور بہادری کوسلام پیش کیا۔اُنہوں نے کہا،’’جموں و کشمیر پولیس ایثار، خدمت اور قربانی کی ایک مثال ہے۔ اس کی تاریخ اُن بہادر اہلکاروں کے لہو سے لکھی گئی ہے جنہوں نے قومی اتحاد کو مضبوط کیا، اَمن قائم کیا، نئی اُمید پیدا کی اور جموں و کشمیر کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔‘‘

لیفٹیننٹ گورنر نے نے کہا،’’ ’پیڈل تھرو پیراڈائز‘ صرف کھیلوں کا ایک ایونٹ نہیں ہے بکہ نئے جموںوکشمیر کی علامت ہے ۔اُنہوں نے کہا ،’’یہ نوجوانوں کو ایک طاقتور پیغام دیتا ہے کہ وہ تشدد اور منشیات کے بجائے ترقی، فِٹنس اور روشن مستقبل کا راستہ چُنیں۔‘‘اُنہوں نے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے سول ایکشن پروگرام کے تحت شروع کی گئی اس اختراعی پہل کو سراہا جس کا مقصد نوجوانوں کے اندر نئے خواب بیدار کرنا، نیا حوصلہ پیدا کرنا اور نئی اُمنگوں کو فروغ دینا ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی، منشیات اور اِنتہا پسندی سے پاک جموں و کشمیر کی تعمیر میں اَپنا فعال کردار اَدا کریں۔ اُنہوں نے کہا،’’ہمیں دہشت گردی، اس کے ماحولیاتی نظام اور منشیات کے خلاف متحد ہو کر جنگ لڑنی ہوگی۔

میرا پختہ عزم ہے کہ دہشت گردی کو ہوا دینے والے ہر نیٹ ورک، جو نوجوانوں کو بنیاد پرستی کی طرف دھکیلتا ہے، ہتھیار، فنڈز اور سہولتیں فراہم کرتا ہے، اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا،’’ہم بے گناہوں کو نہیں چھیڑتے اور مجرموں کو نہیں بخشتے – یہی ہمارا اصول ہے۔ ہم امن خریدنے کے قائل نہیں بلکہ امن قائم کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ سول اور پولیس اِنتظامیہ پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردی کے متاثرین کے اہل خانہ کو اِنصاف فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔

اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل پولیس شری نلین پربھات، پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی، سپیشل ڈی جی ایس جے ایم گیلانی، اے ڈی جی پی آرمڈ پولیس آنند جین، اے ڈی جی پی ہیڈکوارٹرز ایم کے سنہا، آئی جی پی کشمیر وی کے بردی، دیگر سینئر افسران، جے اینڈ کے سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے اراکین، معروف کھلاڑی اور بڑی تعداد میں نوجوان بھی موجود تھے۔










