لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میں بلیدان ستمب کا افتتاح کیا

ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جن کے اعزاز میں بلیدان ستمب تعمیر کیا گیا

سرینگر // جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر سرینگر کے لال چوک میں واقع پرتاپ پارک میں بلیدان ستمب کا افتتاح کیا۔ سی این آئی کے مطابق جمعرات کی صبح خراب موسمی صورتحال کے بیچ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے پرتاب پارک سرینگر میں واقع بلیدان ستمب کا افتتاح کیا ۔ بلیدان ستمب 4.8 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔لیفٹنٹ گورنر سنہا کے ساتھ دیگر سینئر افسران بھی تھے۔ انہوں نے ان شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جن کے اعزاز میں بلیدان ستمب تعمیر کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر اوئیس احمد نے اعلان کیا تھا کہ بلیدان ستمب کو 15اگست کے دن عوام کے نام وقف کیا جائے گا اور انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ بلیدان ستمب کا دورہ کرکے وہاں ملک کیلئے قربانی دینے والے عظیم ہیروں کو خراج عقیدت پیش کریں ۔