لکشیا سین پیرس اولمپکس کے مردوں کے سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے چائنیز تائپے کے چو ٹیئن چن کو 19-21، 21-15، 21-12 سے شکست دے کر تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان سے پہلے اولمپکس کی تاریخ میں کوئی بھی ہندوستانی کھلاڑی مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں نہیں پہنچا تھا۔واضح رہے کہ اب لکشیا اولمپکس 2024میں بیڈمنٹن میں میڈل کے لیے ہندوستان کی آخری امید ہیں اور وہ میڈل حاصل کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ چائنیز تائیپے کے چو ٹیئن چن اس وقت مردوں کے سنگلز زمرے میں عالمی نمبر 12 بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں۔ لکشیا نے پہلا گیم 19-21 کے بہت ہی قریبی فرق سے ہارا، لیکن اس نے دوسرے گیم میں زبردست واپسی کی اور اسکور کو 21-15 سے برابر کردیا۔ اس کے بعد سب کی نظریں تیسرے گیم پر تھیں جہاں کھیل کے پہلے ہاف تک دونوں تقریباً برابری کی سطح پر تھے۔ لیکن آخری گیم کا دوسرا ہاف مکمل طور پر لکشیا کے نام رہا جس میں انہوں نے 21-12 کی آسان جیت درج کرکے تاریخ رقم کی۔
اب تک ایچ ایس پرنائے، کدامبی سری کانت اور پروپلی کشیپ وہ تین کھلاڑی تھے جو اولمپکس میں ہندوستان کے لیے مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے، لیکن لکشیا کے علاوہ کوئی بھی کوارٹر فائنل لائن کو عبور نہیں کر سکا۔ اب لکشیا کا مقابلہ وکٹر ایکسلسن اور کین یوہ لوہ کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔ خاص طور پر لکشیا کا وکٹر کے خلاف ریکارڈ بہت خراب ہے۔










