محکمہ وائی ایس اینڈ ایس لڑکیوں کیلئے 15 روزہ سکی ٹریننگ کورس کا افتتاح کیا
گلمرگ //پرنسپل سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ( وائی ایس اینڈ ایس ) ڈیپارٹمنٹ الوک کمار نے دنیا کے مشہور سیاحتی مقام پر لڑکیوں کیلئے 15 روزہ سکی ٹریننگ کورس کا افتتاح کیا ۔ تربیتی کورس کی افتتاحی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا ’’ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ جموں و کشمیر کی لڑکیاں اپنے ہم منصبوں کی طرح کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور مختلف کھیلوں میں چمک رہی ہیں ‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بچے کھیل کھیلتے ہیں وہ ٹیم کا حصہ بننے ، دوسروں سے بات چیت کرنے اور نئے دوست بنانے کا طریقہ بھی سیکھتے ہیں ۔ کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ چھوٹے بچوں کو شامل کرنے میں فیلڈ اسٹاف کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ لڑکیوں اور لڑکوں دونوں کیلئے کھیل کھیلنے کے واضع فوائد ہیں اور اس طرح زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی کھیل میں شرکت یقینی طور پر صحت مند عادات پیدا کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں جو زندگی بھر قائم رہنے کے ساتھ ساتھ بہتر ذہنی صحت کا باعث بنتی ہے ۔ اس سال جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کے اسکولی بچوں کیلئے اسکیٹنگ کی بنیادی باتوں کی تربیت جنوری کے مہینے سے شروع ہوئی تھی ۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یو ٹی کے 13 اضلاع سے منتخب کی گئی تقریباً 100 لڑکیاں گل مصطفیٰ دیو کی تکنیکی نگرانی میں محکمہ کے ہنر مند ٹرینرز کے ذریعے سکیٹنگ کی بنیادی باتوں کے بارے میں تربیت حاصل کر رہی ہیں ۔ محکمہ نے زیر تربیت لڑکیوں کے قیام و طعام کا بھی مناسب انتظام کیا ہے ۔










