لوگ کورونا پروٹوکال پر سختی سے عمل کریں:محمد اعجاز اسد

سری نگر//ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے سبھی لوگوں کی ٹیکہ کاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر سے بچنے کا واحد ذریعہ ویکسی نیشن ہی ہے۔محمداعجاز اسدنے آنے واے دنوں میں کورونا لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کے ساتھ ہی مذہبی مقامات اور پبلک پارکوں کوکھولنے کااشارہ کیاتاہم ساتھ ہی کہا کہ ماہرین صحت کی طرف سے کورونا کی تیسری لہر کی پیش گوئی کے پیش نظر ہمیں محتاط رہنے کی اشد ضرورت ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع مجسٹریٹ سری نگرمحمد اعجاز اسدجوکہ ضلع مجسٹریٹ اورڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں ،نے سنیچر کوجاری کردہ اپنے ایک ویڈیو بیان میں خبردارکیاکہ ماہرین صحت تیسری لہر کی پیش گوئی کر رہے ہیں، اس لئے ہمیں محتاط رہنے کی اشد ضرورت ہے اور سب سے اہم چیز جو ہمارا دفاع کر سکتی ہے، وہ ویکسی نیشن یعنی ٹیکہ کاری ہے۔ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے لوگوں پرزوردیاکہ وہ اپنے اپنے نزدیکی سینٹروں پر جا کر ویکسین لگوائیں ۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کے ساتھ ساتھ کورونا پروٹوکال پر بھی سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کے ساتھ ہی مذہبی مقامات اور پبلک پارکوں کو بھی کھولا جا سکتا ہے تو اس وقت شاید ان ہی لوگوں کو مذہبی مقامات اور پبلک پارکوںمیں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے ٹیکے لگوائے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی خبر ہے کہ ضلع سری نگر میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح قریب98 فیصد ہے۔خیال رہے گرمائی دارالحکومت سری نگرمیں مارچ2020سے2جولائی2021تک کل 70ہزار121افرادکورونا وائرس میں مبتلاء ہوئے ،جن میں سے68ہزار504شفایاب ہوئے ۔تاہم شہرسری نگر جموں وکشمیرمیں کورونا سے ہونے والی اموات کے معاملے میں گرمائی دارالحکومت جموں کے بعددوسرے نمبر پرہے ،کیونکہ سری نگرمیں تاحال یعنی 2جولائی کی شام تک کوروناوائرس میں مبتلاء کل829مریض دم توڑ بیٹھے ہیں جبکہ اسوقت سری نگر شہرمیں کوروناکے سرگرم یافعال معاملات یعنی کورونا میں مبتلاء افرادکی کل تعداد788ہے۔