بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ جب ان کی شادی اداکارہ دپیکا پڈوکون سے نہیں ہوئی تھی اور جب وکی کوشل نے بھی کترینہ کیف سے شادی نہیں کی تھی تب لوگ انہیں اور وکی کوشل کو طعنے دیا کرتے تھے۔رنویر سنگھ نے 31اگست کو ہونے والے فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کی اور اس دوران انہوں نے اپنی زندگی کے کئی راز بھی بیان کیے۔ایوارڈز تقریب میں رنویر سنگھ کو بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی ملا جب کہ ان کی اہلیہ دپیکا پڈوکون بھی ایوارڈ لے اڑیں جب کہ وکی کوشل بھی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔تقریب کی میزبانی کے دوران رنویر سنگھ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ آنے والی فلم ‘تخت’ میں وہ اور وکی کوشل دونوں بھائی کے روپ میں دکھائی دیں گے۔بھارتی اخبار ‘انڈین ایکسپریس’ کے مطابق تقریب کی میزبانی کے دوران رنویر سنگھ نے خود اور وکی کوشل کو خوش قسمت ترین انسان بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ دونوں شہزادوں کی زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے خود کو اور وکی کوشل کو خوبصورت اور دراز قد کے نوجوان بھی قرار دیا۔رنویر سنگھ نے میزبانی کے دوران ہی بتایا کہ کس قدر انہوں نے فلم انڈسٹری میں 12 سال تک محنت کرکے مشکل سے اپنی کمائی سے حال ہی میں کروڑوں روپے کی مالیت کا عالیشان گھر خریدا۔اداکار نے ایونٹ کے دوران بتایا کہ جب ان کی اور دپیکا پڈوکون کی شادی نہیں ہوئی تھی اور جب وکی کوشل اور کترینہ کیف بھی میاں بیوی نہیں بنے تھے تب لوگ انہیں اور وکی کوشل کو طعنے دیا کرتے تھے۔اداکار کے مطابق لوگ ان دونوں کو کہا کرتے تھے کہ دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف ان کی اوقات سے باہر ہیں۔خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے نومبر 2018 میں شادی کی تھی جب کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف نے دسمبر 2021 میں شادی کی تھی۔دونوں جوڑیوں کا شمار بولی وڈ کے سرفہرست اداکاروں میں ہوتا ہے اور وہ زیادہ فیس لینے والے اداکار بھی ہیں۔










