بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں کووِڈ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ مناسب طرز عمل ( سی اے بی ) پر سختی سے اپنائیں۔اِس کے علاوہ جن لوگوںنے ابھی تک کووِڈ حفاظتی ٹیکے نہیں لگائیں، اُنہوں نے ان لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جلد از جلد کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں۔ڈاکٹر اویس نے کہا کہ وبائی مرض ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور کوئی بھی لاپرواہی ہمیں مصیبت میں ڈال سکتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وبائی مرض سے نمٹنے کے صرف دو طریقے ہیں ۱) کووِڈ مناسب طرزِ عمل( سی اے بی) کو اپنانا اور ۲) کووِڈ حفاظتی ٹیکہ لگانا ۔ اُنہوں نے لوگوں سے پر زور دیا کہ وہ ماسک کا استعمال کریں ، سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں اور ذاتی حفظان صحت کو یقینی بنا کر سی اے بی کی پیروی کرتے رہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے کہا کہ اِنفیکشن میں کسی بھی قسم کے اضافے کو روکنے کے لئے کووِڈ مناسب طرز عمل ( سی اے بی ) او رایس او پیز اِنتہائی ضروری ہیں تاکہ وائرس کو دور رکھا جاسکے اور اس کے پھیلائو کو مزید کم کیا جائے۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ ایس او پیز او رہدایات پر عمل کریں تاکہ اِنتظامیہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے پر مجبور نہ ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام الناس ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اطلاع کنٹرول روموں کو دے سکتے ہیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جلد سے جلد کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ ۔19 صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور کنٹین منٹ زونوں میں وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ اور ضلع میں بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری مہم کی وجہ سے کووِڈ صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ڈاکٹر اویس احمد نے تفصیلات دیتے ہوے کہا کہ ضلع میں اب 40 کووِڈ مثبت معاملات سر گرم ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 23نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ اِن علاقوں کی کڑی نگرانی کر رہی ہے اور پھیلائو کو روکنے کے لئے مناسب اقدامات بھی کر رہی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں کہا کہ 18برس عمر سے 44 برس عمر تک کے گروپ کے زائد از 80فیصد ویکسین کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے جبکہ 38 فیصد اہل آبادی کو دوسری خوراک بھی فراہم کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے کہا کہ وسیع پیمانے پر جانچ سے اِنتظامیہ کو وائرس کے پھیلا ئو پر نظر رکھنے میں مدد ملی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اَب تک 3.90 لاکھ ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں اور مثبت معاملات کی شرح 0.4سے 0.3فیصد رہی ہے ۔










