Div Com Kashmir

لوگوں کو جشن آزادی میں شامل ہونے کی عام دعوت

یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ ڈویژنل کمشنر

سرینگر///انتظامیہ نے مجوزہ جشن آزادی کی تقاریب میں عام لوگوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی تقاریب میں شامل ہونے کیلئے خاص دعوت نامہ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہر کوئی فرد بغیر کسی رُکاوٹ کے تقریب میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے جمعرات کو کہا کہ 15 اگست کو بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔پرتاپ پارک سری نگر کے اپنے دورے کے دوران بلیدان ستمب کے جاری کام کا معائنہ کرنے کے دوران صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ جشن آزادی ہر ملکی شہری کو منانے کا حق ہے اور اس سے جڑی تقاریب میں کسی کو خاص دعوت نہیں دی جاتی بلکہ لوگ خود ہی ذوق و شوق سے اس میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بخشی اسٹیڈیم میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے اجازت کی ضرورت کے بارے میں بہت سے کالز اور سوالات موصول ہوئے۔ میں واضح کرتا ہوں کہ کسی قسم کی اجازت یا دعوت کی ضرورت نہیں ہے۔ تقریب عام لوگوں اور بچوں کے لیے کھلا ہے۔ بس ایک شناخت کا ثبوت ساتھ رکھیں ۔ انہوںنے یہ بھی کہا کہ لوگ 15 اگست تک بچوں کے ساتھ بلیدان ستمب کا دورہ بھی کر سکتے ہیں تاکہ ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے جنہوں نے ملک کی سلامتی اور سالمیت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔بدھوری نے کہا کہ یوم آزادی کی تقاریب کیلئے حفاظتی اور انتظامی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں ۔