لوگوں کارہنمااصولوں کی پیروی نہ کرناخطرناک:مودی

نئی دہلی//مرکزی کابینہ میں حالیہ توسیع اورپھیر وبدل کے بعدبدھ کے روز نئی دہلی میں وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ پر مرکزی کابینہ کی میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں سبھی وزراء ایک ساتھ بیٹھے ہوئے تھے ۔خیال رہے یہ وزیراعظم مودی کی زیرصدارت ایک سال بعدمنعقدہونے والی پہلی بالمشافہ کابینہ میٹنگ تھی ۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق حالیہ پھیروبدل اورکئی نئے چہروں کوشامل کرنے کے بعدمنعقدہونے والی اس کابینہ میٹنگ میں وزیراعظم مودی کے علاوہ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ ،وزیردفاع راجناتھ سنگھ ،وزیرخزانہ نرملا سیتا رمن اوردیگر سبھی وزراء شامل تھے ۔سوموارکوسیاسی امورات سے متعلق نئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل کے بعدبدھ کے روز منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں کورونا وائرس اوربندشوں وپابندیوں سے پیداشدہ صورتحال،کوروناکی ممکنہ تیسری لہر سے نمٹنے کی حکمت عملی،پارلیمان کامون سون اجلاس اوردیگر کئی امورات کوبھی زیرغورلایاگیا۔ایک سال کے طویل عرصہ بعدہونے والی اس کابینہ میٹنگ میں بولتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی نے کہاکہ کوروناکی پہلی اوردوسری لہرکاملک نے بڑی ہمت اورجرات مندی کیساتھ مقابلہ کیالیکن اب تیسری لہرکاخطرہ منڈلارہاہے ،جو ہمارے لئے ایک اورچیلنج ہے ۔انہوں نے کہاکہ فی الوقت ملک میں کوروناکی دوسری لہر کے اثرات کم ہوگئے ہیں لیکن موجودہ نازک وقت میں عام لوگوں کی لاپرواہی اورتساہل پسندی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔وزیراعظم مودی کاکہناتھاکہ حالیہ کئی دنوں سے عوامی مقامات ،سیاحتی مقامات اوردیگرجگہوں پر دیکھے جارہے ہجوم یہ ظاہر کرتے ہیں کہ لوگوںنے کوروناسے بچنے کے رہنما اصول بالائے طاق رکھ دئیے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سماجی دوری اورجسمانی فاصلہ قائم رکھنے کی ہدایت کیساتھ ساتھ ماسک پہننے کی اہمیت کوبھی نظراندازکیا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ عوامی مقامات سے آنے والے ناخوشگوارمناظر سے ہمیں خوف کااحساس ہونا چاہئے ،کیونکہ اس لاپرواہی کے منفی اورخطرناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ۔وزیراعظم مودی نے کہاکہ اب جبکہ کوروناکی تیسری لہرکاخطرہ منڈلارہاہے توہم سب کواپنی ذمہ داریوں کونبھاناہوگا،اورلوگوں کوبھی اسبات کااحساس کرنا ہوگاکہ مقررہ رہنمااصولوں اورہدایات کی پیروی نہ کرنے کے کتنے بھیانک نتائج برآمدہوسکتے ہیں ۔وزیراعظم نے طبی ماہرین کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹروں اورطبی اداروں کایہی کہنااورمانناہے کہ ماسک کااستعمال اورسماجی دوری وجسمانی فاصلہ قائم رکھ کر ہم کورونا کوپھیلنے سے روک سکتے ہیں ۔