انتخابات میں بھاری شرکت جمہوری طریقوں سے اپنا مستقبل خود بنانے کیلئے لوگوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے/ منوج سنہا
سرینگر // لوک سبھا انتخابات 2024کے آخری مرحلے میںہوئی ووٹنگ کے دوران جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے غازی پور اتر پردیش میں اپنا ووٹ ڈالا ۔ اسی دوران انہوں نے کہا کہ ووٹ دینا صرف ایک حق نہیں ہے بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’ووٹر کا زیادہ ٹرن آؤٹ ایک متحرک جمہوریت کا سنگ بنیاد ہے۔ یہ جمہوری طریقوں سے اپنا مستقبل خود بنانے کیلئے لوگوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے‘‘ ۔سی این آئی کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اتر پردیش پارلیمانی حلقہ کے بلیا کے محمد آباد اسمبلی حلقہ کے موہن پورہ گاؤں میں اپنا ووٹ ڈالا۔ جس دوران انہوں نے جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے ووٹروں کی زیادہ تعداد کی اہمیت پر زور دیا۔صبح سویرے پولنگ اسٹیشن پہنچ کر منوج سنہا نے مقامی عہدیداروں اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ جوش و خروش کے ساتھ انتخابی عمل میں حصہ لیا۔اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد، سنہا نے تمام اہل ووٹروں پر زور دیا کہ وہ ریکارڈ تعداد میں سامنے آئیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔اس موقعہ پر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ’’ووٹ دینا صرف ایک حق نہیں ہے بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ میں آج ووٹ دینے والے ہر فرد سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے ہماری جمہوریت کو مضبوط بنائیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا ووٹر کا زیادہ ٹرن آؤٹ ایک متحرک جمہوریت کا سنگ بنیاد ہے۔ یہ جمہوری طریقوں سے اپنا مستقبل خود بنانے کیلئے لوگوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے‘‘۔خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست بھر میں ووٹنگ کے عمل کو ہموار اور محفوظ بنانے کے لیے آخری مرحلے میں وسیع انتظامات کیے ہیں۔ جمہوری عمل میں شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے معمر افراد اور معذور افراد کے لیے ووٹنگ کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔










