لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا اور جدید جدت کے ذریعے معاشی ترقی کو آگے بڑھانا ہمارا بنیادی مقصد ۔ سنہا
جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے چھتیس گڑھ کے بھلائی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ نوجوان انجینئرز اور سائنسدانوں کو صنعتوں اور قوم کو آگے بڑھانے کیلئے نئے حل فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہئیے ، سائنسی اور تکنیکی اصولوں کو حقیقی آلات میں تبدیل کرنا چاہئیے اور یقینی بنانا چاہئیے کہ بھارت جدت طرازی میں قیادت کرے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ہمارا بنیادی مقصد لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا اور جدید جدت طرازی کے ذریعے معاشی ترقی کو آگے بڑھانا ہے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے فارغ التحصیل طلباء سے کہا کہ وہ نئی زمینیں تلاش کریں ، غیر روائتی راستوں پر چلیں ، نامعلوم کو جاننے کی ہمت رکھیں تا کہ جدت طراز اور رہنما بن سکیں ۔ انہوں نے کہا ’’ جہاں بے خوفی ہوتی ہے ، وہاں ایجاد ہوتی ہے ۔ جہاں ہمت ہوتی ہے وہاں نئی سائنسی دریافت ہوتی ہے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور آٹو میشن جیسی جدید ٹیکنالوجیز ابھی نسبتاً ابتدائی مراحل میں ہیں اور ہم تیزی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جو مستقبل کی ترقی اور نشو و نما کو آگے بڑھائے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ بھارت اختراع اور جدت کے اہم شعبوں میں عالمی رہنما ہے اور ہم نے ایک متحرک ٹیکنالوجی ماحولیاتی نظام بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے اور دنیا کے ڈیپ ٹیک وینچرز کی قیادت کریں گے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے اپنے خطاب میں نوجوان انجینئرز اور سائنس گریجویٹس کیلئے نئے مواقع کی نشاندہی کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ہمارے تقریباً 89 فیصد اسٹارٹ اپس ٹیکنالوجیکل انوویشن میں مصروف ہیں اور سیون پلرز آف اے آئی مشن کے ذریعے بھارت زراعت ، صحت کے شعبے ، موسمیاتی شعبے اور گورننس میں نیا انقلاب لائے گا ۔ یہ تمام گریجویٹنگ طلباء کیلئے سنہری دور ثابت ہو گا ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے بھلائی کے قومی صنعتی ترقی میں بھر پور کردار پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی بھلائی کو یہ ورثہ آگے بڑھانا چاہئیے اور تکنیکی تعلیم کے منظر نامے کو تشکیل دینے میں ایک طاقتور قوت کا کردار ادا کرنا چاہئیے ۔










