جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے منگل کے روز گاندھی میموریل کیمپ کالج رائے پور جموں میں ہندو ایجوکیشن سوسائٹی کشمیر کی جانب سے شائع کردہ ’ سنگارمل ‘ میگزین کے خصوصی ایڈیشن کا اجراء کیا ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے سماجی ہم آہنگی اور ثقافتی ، روحانی وراثت اور تعلیم کو متحد کرنے والے دھاگے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے خوشحال مستقبل کا خاکہ تیار کرنے پر بات کی ۔ انہوں نے رحم دلی ، عاجزی اور لچک جیسی اقدار کو پروان چڑھانے پر زور دیا تا کہ کمیونٹی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ تیز رفتار ٹیکنالوجی کی ترقی اور عالمگیریت کے غلبے والے اس دور میں ہماری لازوال روحانی اور ثقافتی وراثت ہمارے مشترکہ عقائد ، روایات ، فنون ، رسومات اور اقدار ہی معاشرے کی تشکیل کریں گی اور قوم کی جامع ترقی کا ایندھن بنیں گی ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یونین ٹیریٹری کی قدیم ثقافتی وراثت اور روحانی حکمت وہ پوشیدہ قوت ہے جو معاشرتی ترقی کو آگے بڑھائے گی ۔ انہوں نے کہا ’’ جموں کشمیر کی بھر پور روحانی وراثت ایک متحرک اثاثہ ہے ۔ ویدک دور سے لیکر اب تک روائتی اقدار ہمارے رہنما اصول رہے ہیں جنہوں نے مجموعی ترقی کیلئے اخلاقی بنیاد فراہم کی ۔ ‘‘
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی کیلئے ہمارے شہریوں کو مزید اختراعی بننا ہو گا ، فکری ترقی پر توجہ دینی ہو گی تا کہ تحقیق و ترقی میں عظیم چھلانگیں لگائی جا سکیں ، تخلیقی صنعتوں کو فروغ دیا جائے اور ورثے میں سرمایہ کاری کی جائے ۔ لفٹینٹ گورنر نے ہندو ایجوکیشن سوسائٹی کشمیر کی تعریف کی کہ وہ ثقافت ، سماجی ذمہ داریوں اور تعلیم کی تبدیلی کی طاقت کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے میں اپنی لگن کے ساتھ کوششیں کر رہی ہے ۔ پدم شری ڈاکٹر کے این پنڈتا ، چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو ، صدر ہندو ایجوکیشن سوسائٹی کشمیر پروفیسر بی ایل زتشی ، کمشنر سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، ہندو ایجوکیشن سوسائٹی کشمیر کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں شہری موجود تھے ۔ ممبر شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ ڈاکٹر اشوک بھان ، وائس چانسلر ایس ایم وی ڈی یو پروفیسر ( ڈاکٹر ) پرگتی کمار ، سابق ڈی جی پی مسٹر کلدیپ کھڈا ، ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ( ایم ) کمشنر اور سینئر افسران نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔










