سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے نئے گھروں کی بنیاد رکھی
کشتواڑ //لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج کشتواڑ کے چشوتی پاڈر میں سیلاب سے متاثرہ خؒاندانوں کیلئے نئے گھروں کی بنیاد رکھی ۔ چشوتی میں قدرتی آفت کے دوران مکمل طور پر تباہ ہونے والے 19 گھروں کو سول سوسائٹی آرگنائیزیشن ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی ( ایچ آر ڈی ایس انڈیا ) کی مدد سے مفت تعمیر نو کیا جائے گا ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے ہلاکت خیز قدرتی آفت میں جاں بحق ہونے والے شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ تباہ کُن سیلاب نے قیمتی جانیں چھین لیں ، کئی گھر بہا دئیے اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ۔ مجھے امید ہے کہ آج جن تین بیڈ رومز والے پری فیبریکیٹڈ سمارٹ گھروں کی بنیاد رکھی گئی ہے ، وہ متاثرہ خاندانوں کی زندگیوں کو دوبارہ پٹری پر لائے گی ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی ( ایچ آر ڈی ایس انڈیا ) کی اس خوبصورت اور انسان دوست اقدام کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ’’ ایس ڈی آر ایف کا ریلیف ناکافی ہے ، اس لئے میں نے پہلے ایچ آر ڈی ایس انڈیا سے یوٹی بھر میں آپریشن سندور کے تحت اور اگست کے سیلاب کے بعد مکمل تباہ شدہ 1500 گھروں کی تعمیر نو کی درخواست کی تھی ، جس پر انہوں نے رضا مندی ظاہر کی ۔ یہ اقدام متاثرہ خاندانوں کو بہت بڑی راحت پہنچائے گا ۔ ‘‘ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے تمام ایمر جنسی رسپانڈرز ، ضلعی انتظامیہ ، فوج ، این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف ، پولیس ، مسلح افواج ، مقامی کمیونٹی ، نوجوانوں اور رضا کار تنظیموں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے قیمتی جانیں بچائیں اور بروقت طبی امداد فراہم کی ۔ انہوں نے کہا ’’ چشوتی کے لوگوں کی گہری لچک قابل تحسین ہے ۔ فطرت نے انہیں سخت آزمائش میں ڈالا ، مگر اس مضبوط کمیونٹی نے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے ہندوستان کے معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں کشتواڑ کے سیلاب زدہ خاندانوں کی مکمل بحالی اور علاقے کے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات پورا کرنے کے اپنے عہد کا ایک بار پھر اعادہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ پاڈڑ کشتواڑ کو جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی ہماری کوششوں کو پروان چڑھانے کیلئے حکومت ہند نے پاڈر میں ایک آرمی گُڈ وِل اسکول اور ایک پیٹرول پمپ کی منظوری دے دی ہے ۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بارڈر روڈز آرگنائیزیشن ( بی آر او ) اتھولی سے مچیل ماتا روڈ کی دوبارہ تعمیر کرے گی اور چشوتی میں ایک نیا پُل بنائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل نیٹ ورک کنکشن کے تمام بلیک اسپاٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور بی ایس این ایل کو نئے 4 جی ٹاورز لگانے کیلئے زمین متقل کر دی گئی ہے ۔ اپنے دورے کے دوران لفٹینٹ گورنر نے مقامی باشندوں سے ملاقات کی ، ان کے مسائل اور مطالبات سُنے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مشن یووا کے ذریعے نوجوانوں کو خود روز گار کے مواقع سے جوڑا جائے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ مچیل ماتا میں یاتریوں کیلئے سہولیات کی توسیع کے جاری کام مئی 2026 تک مکمل کر لئے جائیں گے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاڈر میں یاتری نواس کی تعمیر کے مطالبے کو پورا کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر سیلاب کی وجہ سے فوت ہونے والے افراد کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد اپوزیشن اور ایم ایل اے پاڈر ناگسینی مسٹر سنیل شرما ، ایم ایل اے کشتواڑ مس شگن پریہار ، صدر ایچ آر ڈی ایس انڈیا ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج ، ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ، بانی سیکرٹری اور ایچ آر ڈی ایس انڈیا کے نمائندے ، سینئر افسران ، ممتاز شہری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود تھے ۔










