سرینگر//گاندھی جینتی کے موقع پر لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے ڈل جھیل کی صفائی ستھرائی اور ڈی ویڈنگ ڈرائیو کا آغاز کیا ۔لفٹینٹ گورنر نے چیف سیکرٹری اور یو ٹی انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ جھیل کی صفائی ستھرائی اور ڈی ویڈنگ مہم میں حصہ لیا ۔ انہوں نے جھیل میں ایک چکر بھی لگایا اور ڈل جھیل میں سوچھتا ابھیان کیلئے تعینات کی گئی کشتیوں کو جھنڈی دکھائی ۔لفٹینٹ گورنر نے مختلف سکولوں کے طلباء اور سول سوسائیٹی گروپوں کے رضا کاروں کو سوچھتا عہد بھی دلایا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یہ لوگوں اور حکومت دونوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ جھیلوں کا تحفظ کریں ، جو ماحولیاتی نظام کا اندرونی حصہ ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ میں ہر ایک پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس مہم میں حصہ لیں تا کہ فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کا رشتہ قائم ہو ۔ اپنے ارد گرد اور ماحول کی صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں جموں و کشمیر کو صاف ستھرا بنانے میں مہاتما گاندھی کے نظریات پر عمل کرنا چاہئیے ۔ واضح طور پر تقریباً ایک ہزار کشتیاں اور دو ہزار افراد میگا صفائی اور ڈل جھیل کی صفائی میں کام کریں گی ۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، ایس ایم سی کمشنر اطہر عامر الشفیع خان کے علاوہ لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، ایس ڈی آر ایف ، ہوم گارڈز ، این ڈی آر ایف ، ایس ایم سی ، این سی سی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے رضا کار ، این جی اوز اور مختلف سکولوں کے طلباء اس موقع پر موجود تھے اور صفائی مہم میں حصہ لیا ۔










