لفٹینٹ گورنر نے پوتر گپھا میں ’ پرتھم پوجا ‘ کی

لفٹینٹ گورنر نے پوتر گپھا میں ’ پرتھم پوجا ‘ کی

جے اینڈ کے پولیس ، آرمی ، سی آر پی ایف ، سی اے پی ایف نے بہتر سیکورٹی انتظامات کئے ہیں ، ایل جی سنہا

گاندر بل//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج پوتر گپھا میں پرتھم پوجا کی جو کہ سالانہ شری امر ناتھ جی یاترا کے رسمی آغاز کی نشاندہی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے بابا برفانی کے تمام عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ یاترا کیلئے بڑی تعداد میں تشریف لائیں اور جموں و کشمیر اور قوم کی ترقی کیلئے مہا دیو سے پرارتھنا کریں ۔ انہوں نے کہا شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ اور جموں و کشمیر انتظامیہ اور جموں و کشمیر پولیس ، آرمی ، سی آر پی ایف ، سی اے پی ایفز نے یاتریوں کی سہولت کیلئے بہتر سیکورٹی انتظامات کئے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ جے اینڈ کے انتظامیہ ، شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ، آرمی ، بی آر او ، سی اے پی ایفز ، جے اینڈ کے پولیس اور تمام اسٹیک ہولڈرز 3 جولائی سے شروع ہونے والی شری امر ناتھ جی یاترا کیلئے عقیدت ، لگن ، تعاون اور واضح مقاصد کے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے عوام ، سول سوسائٹی گروپس اور تمام خدمات فراہم کرنے والوں کی انمول شراکت کی تعریف کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’ مجھے پورا یقین ہے کہ ضروری سہولیات اور خدمات میں نمایاں بہتری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس سال کی یاترا تمام عقیدت مندوں کیلئے یاد گار بنے ، بابا برفانی ہم سب پر اپنا آشیر واد بنائے رکھیں ۔ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ہر سال جیشٹھ پورنیما کے مبارک موقع پر پوتر گپھا میں پرتھم پوجا کا اہتمام کرتا رہا ہے ۔ اس سال شری امر ناتھ جی یاترا 3 جولائی کو بیک وقت دونوں راستوں ، ضلع اننت ناگ میں پہلگام ٹریک اور گاندر بل ضلع میں بال تل ٹریک سے شروع ہو گی اور یہ 9 اگست 2025 کو رکھشا بندھن کے دن اختتام پذیر ہو گی ۔ اس موقع پرجی او سی 15 کارپس لفٹینٹ جنرل پرشانت شری واستو ، ڈی جی پی جے اینڈ کے مسٹر نیلن پربھات ، شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے ممبر مسٹر کے این رائے ، شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے سی ای او اور لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، آئی جی پی کشمیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔