لفٹینٹ گورنر نے سرینگر کے انٹر نیشنل فلم فیسٹیول کا افتتاح کیا

لفٹینٹ گورنر نے سرینگر کے انٹر نیشنل فلم فیسٹیول کا افتتاح کیا

امن کی بحالی کیلئے ہمیں معاشرے میں موجود ہر ایک دہشت گرد عنصر کو ختم کرنا ہو گا ۔ لفٹینٹ گورنر

سرینگر//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے سرینگر میںوومیدھ گروپ کے زیر اہتمام انٹر نیشنل فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ ہمیں معاشرے میں موجود ہر دہشت گرد عنصر کو ختم کرنا ہو گا تا کہ امن کو مکمل طور پر بحال کیا جا سکے اور اس کوشش کیلئے عوام کے تمام طبقات کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ ایسی فلمیں بنائیں جو دہشت گردی کے متاثرین کی تکالیف کو بیان کریں ، دیشت گردی کے ایکو سسٹم کے سرغنوں کو بے نقاب کریں اور اگست 2019 کے بعد کی تبدیلی کو اجاگر کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ لوگوں کو امن کے دشمنوں کو بے نقاب کرنا چاہئیے اور ان کے بارے میں پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کو معلومات فراہم کرنی چاہئیے تا کہ معاشرے میں چھپے ہوئے پورے دہشت گردی کے ایکو سسٹم کو ختم کیا جا سکے اور پڑوسی ملک کی بُری نیتوں کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ گذشتہ 5-6 برسوں کی انتھک ، مخلصانہ محنت اور جموں و کشمیر پولیس ، فوج ، انٹیلی جنس اور سیکورٹی فورسز کی بہت سی قربانیوں کے بعد ہم جموں و کشمیر میں خوف سے پاک ماحول قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور نوجوانوں کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے ایک محفوظ ، معاون اور جامع نظام قائم کیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ معاشرے کو مل کر اس امن ، ترقی ، خوشی اور نئی امید کی حفاظت کرنی چاہئیے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے فلم شوٹنگ کو آسان بنانے اور جموں و کشمیر کے فلم انڈسٹری سے رشتے کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا اشتراک کیا ۔ انہوں نے فلم سازوں سے تفریح اور سماجی ذمہ داری کے درمیان توازن قایم کرنے کی اپیل بھی کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ سنیما سماجی بیانیوں کو تشکیل دینے ، ثقافتی اتحاد کو فروغ دینے اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ترین آلہ ہے ۔ ‘‘ سرینگر انٹر نیشنل فلم فیسٹیول ( ٹی آئی ایف ایف ایس ) کے چوتھے ایڈیشن کو 20 ممالک سے 100 سے زائد فلم انٹریز موصول ہوئیں ۔ ایک نامور جیوری پینل نے 20 شارٹ فلمیں ، 6 فیچر فلمیں اور 4 دستا ویزی فلمیں سکریننگ کیلئے شارٹ لسٹ کی ہیں ۔ منتخب فیچر فلمیں بھارت ، پولینڈ ، روس اور سری لنکا جیسے ممالک کی نمائندگی کرتی ہیں ۔ دیگر ممالک جن کی نمائندگی منتخب شدہ فلموں میں شامل ہے ، ان میں امریکہ ، فرانس ، جرمنی ، ترکی اور سوئزرلینڈ وغیرہ شامل ہیں ۔ افتتاحی تقریب میں فیسٹیول ڈائریکٹرز ، ٹی آئی ایف ایف ایس مسٹر روہت بھٹ اور مسٹر راکیش روشن بھٹ ،وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر پروفیسر نذیر احمد گنائی ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈی آئی جی سی کے آر ، ڈپٹی کمشنر سرینگر ، وومیدھ گروپ ، آوانتی فاؤنڈیشن اور لینڈ مارک کرافٹس لمٹیڈ کے ارکان ، ممتاز فنکار ، فلم شخصیات اور سنیما کے شائقین نے شرکت کی ۔