سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے سرینگر کے قمر واری میں ڈاکٹر اگروالز آئی ہسپتال کے نئے مرکز کا افتتاح کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ہسپتال اور طبی برادری سے اپیل کی کہ وہ سب کیلئے قابل رسائی اور سستی صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں اور ماہرین کو جموں و کشمیر کے دیہی اور دور دراز علاقوں کے مریضوں سے جوڑیں ۔ انہوں نے کہا ’’ پچھلے ایک دہائی کے دوران جدید ٹیکنالوجیز نے آنکھوں کی دیکھ بھال کے شعبے کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے اور آج یہ تیز اور زیادہ درست تشخیص کے ساتھ عین مطابق علاج پیش کر رہی ہیں ۔ نئی ٹیکنالوجیز نے صحت کے شعبے میں دیکھ بھال تک رسائی کو بڑھایا ہے اور ذاتی نوعیت کا علاج فراہم کیا ہے ۔ اے آئی سے چلنے والے نظاموں نے ڈاکٹروں کو بیماری اور آنکھوں کے مسائل کے ابتدائی آثار کا پتہ لگانے کے قابل بنایا ہے ۔ ڈاکٹراگروالز آئی سینٹر اور دیگر ہسپتالوں کو چاہئیے کہ وہ نئی ٹیکنالوجیز کا فائدہ اٹھائیں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو وہی علاج فراہم کریں جو دہلی ، ممبئی اور چنئی جیسے شہروں کو دستیاب ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے صحت کے شعبے میں گذشتہ چند سالوں کے دوران ہونے والی تاریخی تبدیلی پر بھی بات کی ۔ انہوں نے کہا ’’ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ہر شہری کو معیاری صحت کی سہولیات میسر ہوں ۔ سرکاری اور نجی صحت کے ڈھانچے کی تیزی سے توسیع نے جموں کشمیر کے ہر شہری کیلئے صحت مند اور خوشحال مستقبل کو بھی یقینی بنایا ہے ۔ ‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے ڈاکٹر اگروال آئی سینٹر اور دیگر ہسپتالوں پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کے مختلف علاقوں ، خاص طور پر دیہی اور سرحدی علاقوں میں مفت آنکھوں کے چیک اپ کیمپ منعقد کریں اور بے لوث خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کیلئے وقتاً فوقتاً ٹیلی میڈیسن ، ورچوئل مشاورت اور ڈیجٹیل معائنہ کے ذریعے خدمات فراہم کی جانی چاہئیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر اشعر اگروال چیف بزنس آفیسر ، ڈاکٹر اگروال گروپ آف آئی ہسپتالز ، ڈاکٹر عاطف علی میر ہیڈ کلینیکل سروسز ، ڈاکٹر اگروال آئی ہسپتال ، سرینگر ہسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے کے ارکان موجود تھے ۔ سیکرٹری سائینس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ ، سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر رینج ، ایس ایس پی سرینگر ، ڈپٹی کمشنر سرینگر کے علاوہ مسٹر عمران رضا انصاری صدر آل جموں کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن اور سینئر حکام نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔










