ہمارا مقصد نوجوانوں کو نشے سے دور کرنا اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں لانا ہے ۔ ایل جی
جموں //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں منشیات سے چھٹکارا مرکز کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ منشیات سے چھٹکارا مرکز ایک مربوط مرکز کے طور پر کام کرے گا جہاں نشے کے عادی افراد کا اعلاج کیا جائے گا ، ان کی مشاورت کی جائے گی ، نئی پیداواری مہارتیں سیکھنے کے قابل بنایا جائے گا اور انتہائی احتیاط اور پیار کے ساتھ ان کی بحالی کی جائے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہم منشیات کے استعمال کے تشویشناک رحجان کا مشاہدہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو نشے سے دور کرنا اور انہیں سماج کے مرکزی دھارے میں لانا ہے ۔ ایل جی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحتیں ہیں اور وہ مختلف شعبوں میں بڑی بلندیاں حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو منشیات کے ذریعے اندھیروں میں دھکیلنے کیلئے سرحد پار سے ایک سازش رچی جا رہی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے پڑوسی ملک کی طرف سے شروع کی گئی منشیات کی دہشت گردی سے لڑنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم نے کچھ زیادہ خطرے والے اضلاع کی نشاندہی کی ہے جن میں کمیونٹی کی شرکت ، عوامی تعاون اور نوجوانوں کی قیادت میں بیداری مہم کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تا کہ منشیات کے استعمال کی لعنت کا مقابلہ کیا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے معاشرے سے منشیات کی لت کو ختم کرنے کیلئے عزم سے سے کام کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز ،جموں و کشمیر پولیس ، انسداد منشیات ٹاسک فورس ، سرکاری محکموں اور رضاکاروں کی تعریف کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے منشیات کے استعمال کے خلاف کوششوں میں اضافے کیلئے یوتھ کلبوں اور خواتین کو مہمات میں شامل کرنے کی تجویز دی ۔ اس موقع پر ڈی جی پی جموں و کشمیر دلباغ سنگھ ، جے ایم سی مئیر چندر موہن گپتا ، ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے بھی اپنے اپنے خطاب میں منشیات کی روکتھام پر زور دیا ۔ اس موقع پر اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، ڈویژنل کمشنر جموں راگھو لانگر ، ڈپٹی مئیر جے ایم سی محترمہ پورنیما شرما ، سابق قانون ساز دیویندر سنگھ رانا ، ڈی سی جموں انشول گرگ ، یو ایل بی اور پی آر آئی کے نمائندے اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔










