جموں//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے ایتوار کو راج بھون میں اپنے دفتر سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیمرے سے لگے ڈرون کے ذریعے جموں ڈویژن کے میگا پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ اس جائیزے میں ایمس جموں ، آئی آئی ٹی جموں اور جمبو چڑیا گھر تین زیر تکمیل پروجیکٹس شامل تھے ۔ لفٹینٹ گورنر نے پروجیکٹوں پر تیزی سے پیش رفت کیلئے عمل آوری ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی ۔ اجلاس کے دوران پروجیکٹوں کی فزیکل اور مالیاتی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ ایمس جموں کے ڈائریکٹر پروفیسر ( ڈاکٹر ) شکتی گپتا نے بتایا کہ وجئے پور میں ایمس جموں کے پروجیکٹ کیلئے 1661 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جس میں تعمیر کیلئے 1452 کروڑ روپے ، طبی آلات اور فرنیچر کیلئے 209 کروڑ روپے جبکہ اب تک 1253.78 کروڑ روپے کے کاموں کے ٹینڈر کئے گئے ہیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے سائٹ پر تعینات افرادی قوت میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے ۔ آئی آئی ٹی جموں کے مستقل کیمپس پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے آئی آئی ٹی جموں کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منوج سنگھ گوڑ نے میٹنگ میں بتایا کہ اس پروجیکٹ کیلئے 1283.94 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے ۔ جمبو چڑیا گھر کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے مسٹر سریش کمار گپتا ، بی سی سی ایف /چیف وائیلڈ لائف وارڈن جے اینڈ کے نے بریف کیا کہ جے کے آئی ڈی ایف سی کے تحت 62.41 کروڑ روپے کے فیز 1 کی کل پروجیکٹ لاگت کے مقابلے میں 49.17 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں ۔ میگا پروجیکٹس کی تکمیل کی متوقع تاریخیں ایمس جموں کے فیز 1 کیلئے مارچ 2023 ، جمبو چڑیا گھر کے فیز 1 کیلئے ستمبر 2022 اور آئی آئی ٹی جموں کے فیز 1C کیلئے اپریل 2023 ہیں ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لانگر اور ایگزیکٹو ایجنسیوں کے متعلقہ افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔










