امسال39لشکر جنگجوئوں سمیت78سرگرم عساکر ہلاک:آئی جی پی کشمیر
سری نگر//گرمائی دارالحکومت کے شہرخاص علاقہ میں جمعہ کوعلی الصبح ایک خونین معرکہ آرائی کے دوران لشکرطیبہ سے وابستہ2مقامی جنگجو جاں بحق اورایک سب انسپکٹر سمیت فورسزکے2اہلکارشدیدزخمی ہوگئے جبکہ گولی باری کے دوران ایک رہائشی مکان تباہ ہوگیا۔دونوں مہلوک جنگجوئوںکاتعلق شہرکے نٹی پورہ علاقہ سے ہے ۔پولیس نے علمدارکالونی دنیومرسعد پورہ میں 2جنگجوئوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ جائے جھڑپ سے ایک اے کے47رائفل،ایک پستول اور4گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔آئی جی پی کشمیر وجئے کمار نے کہاکہ رواں برس ابتک78جنگجومارے گئے ہیں ،جن میں سے 39کاتعلق لشکرطیبہ سے تھا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ کچھ جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملتے ہی جموں وکشمیر پولیس ،ایس ائوجی اورسی آرپی ایف کی21ویں اور73ویںبٹالین سے وابستہ اہلکاروں نے علی جان روڑ پرواقع ایک بستی علمدارکالونی دنیومرسعد پورہ کوجمعہ کوصبح صادق سے قبل چاروں اطراف سے محاصرے میں لے لیا ۔ذرائع نے بتایاکہ سیکورٹی دستے جب ایک مشتبہ جنگجوکی جانب پیش قدمی کرنے لگے توایک مکان میں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی اہلکاروں پراندھادھند فائرنگ شروع کردی ،جسکے نتیجے میں سی آر پی ایف کی 21ویں بٹالین سے وابستہسب انسپکٹر بوپندر شرما اور 73 ویںبٹالین کے کانسٹیبل یونس احمد ڈارزخمی ہوگئے ۔دونوں زخمی اہلکاروں کوجائے جھڑپ سے علاج و معالجہ کے لئے فوجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اسکے بعد مکان میں چھپے جنگجوئوں کیخلاف فیصلہ کن آپریشن شروع کیاگیا،اوراسے قبل مکینوں کوباہرنکالا گیا۔انہوں نے بتایاکہ اس معرکہ آرائی کے دوران2جنگجومارے گئے ۔بتایاجاتاہے کہ اس جھڑپ کے دوران جاں بحق ہونے والے دونوں جنگجومقامی ہیں اورغیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ان میں عرفان احمدصوفی اوربلال احمدساکنان نٹی پورہ سری نگرشامل ہیں ،اوریہ دونوں نوجوان گزشتہ برس14دسمبر کوگھروں سے لاپتہ ہونے کے بعدجنگجوئوںکی صفوں میں شامل ہوگئے تھے ۔تاہم پولیس ذرائع نے بتایاکہ علمدارکالونی دنیومرسعد پورہ میں ہوئی جھڑپ کے دوران مارے گئے جنگجوئوں کی نعشوں اوریہاں سے ضبط شدہ اسلحہ وگولی بارود کویہاں سے منتقل کیاگیا ،اوردونوں مہلوک جنگجوئوںکی شناخت اورتنظیمی وابستگی کے بارے میں تحقیقات شروع کی گئی ۔ادھر پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ تصادم کے دوران لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم کے2جنگجو مارے گئے جن کی شناخت عرفان احمد صوفی ولد نذیر احمد صوفی اور بلال احمد بٹ ولد منظور احمد بٹ ساکنان نٹی پورہ سری نگر کے بطور ہوئی ہے۔موصوف ترجمان نے بیان میں کہا کہ پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک جنگجو کئی جنگجویانہ سرگرمیوں بشمول پولیس تھانوں اور عام شہریوں پر حملوں اور گرینیڈ داغنے کے واقعات میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ دونوں مہلوک جنگجو سری نگر اور ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں کو جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے پر راضی کرنے کا کام بھی کرتے تھے۔ادھرمقامی لوگوں نے جائے جھڑپ کی تصاویر کوسوشل میڈیا پر شیئرکیا ،جس میں ایک مکان کوتباہ دکھاگیا ہے ۔لوگوںنے بتایاکہ مہلوک جنگجو جس رہائشی مکان میں موجودتھے ،وہ جھڑپ کے دوران مکمل طورپرخاکستر اورتباہ ہوگیا ہے ۔دریں اثناء کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے مطابق سری نگر کے آپریشن میں2جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ رواں سال اب تک مارے گئے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 78 ہو گئی ہےو۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ رواں سال جو78سرگرم جنگجومارے گئے ہیں ،اُن میں ا سے 39 کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا جبکہ باقی حزب المجاہدین، البدر، جیش محمد اور انصار غزوۃ الہند سے وابستہ تھے۔










