لدرون کاواری کپوارہ میں پاگل کتوں کی ہڑبونگ

سرینگر / / شمالی کشمیر کپوارہ کے لدرون کاواری میں پاگل کتوں نے ہڑبونگ مچائی ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں پاگل کتے داخلے ہوئے اور انہوں نے مقامی کتوں پر حملہ کیا اور ان پاگل کتوں کے ربیز سے وہ متاثر ہوئے جس کے نتیجے میں مقامی کتے بھی پاگل کتوں کی طرح لوگوں کو کاٹ کھانے کیلئے تیز رفتاری سے گھو م رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سے علاقہ بھر میں افراتفری کا ماحول قائم ہوا ہے اور لوگوں کا باہر نکلنا مشکل بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں اس حد تک خوف ودہشت پھیل گیا ہے کہ بچے درسگاہ جانے سے بھی قاصر ہیں اور مولوی صاحب نے کئی دنوں تک درسگاہ بند رکھنے کی ہدایت جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ مجبوری کے باعث باہر نکلتے ہیں ۔ان کو بھی خوف رہتا ہے کہ کتے ان پر حملہ آور نہ ہوجائیں ۔انہوں نے کہا کہ بچے گھروں میں محصور ہیں جبکہ ان کی مائیں باہر نہیں جاسکتی ہیں کیونکہ ان کو یہ خوف ستاتا ہے کہ کہیں ان کے بچے باہر قدم رکھیں اور وہ ان پاگل کتوں کا شکار بنیں گے ۔اس سلسلے میں انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سنجیدہ نوعیت کے معاملہ کی طرف فوری توجہ دیکر تدارک کیا جائے تاکہ لوگوں کا مال وجان کا تحفظ یقینی بن جائے ۔