لبنان سے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے

لبنان سے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے

بیروت/ایجنسیز//جمعہ کی علی الصبح لبنان سے داغے گئے راکٹوں کے بعد اسرائیل کے وسیع علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، جس نے خطے میں قائم کمزور جنگ بندی کو سبوتاڑ کرنے کا نیا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ العربیہ اور الحدث کی نامہ نگار نے تل ابیب کی فضاؤں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جانے کی اطلاع دی ہے، جبکہ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ تل ابیب اور اشدود سمیت جنوبی اسرائیل کے شہروں کی جانب راکٹوں کی نشاندہی کے بعد سائرن فعال کر دیے گئے تھے۔اسرائیلی فوج کی ہوم فرنٹ کمانڈ نے جمعہ کی صبح راکٹوں کی لہر کے بعد لبنانی سرحد سے دور واقع علاقوں سمیت متعدد مقامات کیلئے انتباہ جاری کیا ہے۔فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم اسرائیلی میڈیا نے بتایا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے کم از کم ایک راکٹ کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ یہ کشیدگی اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے درمیان جاری تناؤ کے سائے میں سامنے آئی ہے، جو واشنگٹن اور تہران کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کیلئے بڑا خطرہ ہے۔فریقین کے درمیان جمعرات کے روز بھی کئی بار فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، اس دوران اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی ضاحیہ کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی وارننگ جاری کی اور قریبی حملوں کی دھمکی دی تھی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے کہا کہ فوج ضاحیہ کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے فوجی ڈھانچوں کو نشانہ بنانا جاری رکھے ہوئے ہے۔