nia

لال قلعہ دہلی دھماکہ کیس کی تحقیقات

این آئی اے نے سرینگر میں مزید 4 اہم ملزمین کو حراست میں لیا

سرینگر / سی این آئی // قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) کی جانب سے لال قلعہ دہلی دھماکہ کیس میں ملوث چار اور اہم ملزمین کی گرفتاری کے ساتھ اس کیس میں کل گرفتاریوں کی تعداد چھ تک پہنچ گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے دہلی دھماکہ کیس میں ملوث چار اور اہم ملزمین کو گرفتار کیا ہے، جس سے اس کیس میں گرفتاریوں کی کل تعداد چھ ہو گئی ہے۔تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چاروں ملزمان کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے ضلع سیشن جج کے پروڈکشن آرڈر پر سرینگر میں این آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ این آئی اے نے ملزمین کی شناخت پلوامہ کے ڈاکٹر مزمل شکیل گنائی، اننت ناگ کے ڈاکٹر عدیل احمد راتھر، لکھنؤ کے ڈاکٹر شاہین سعید اور شوپیان کے مفتی عرفان احمد وگے کے طور پر کی ہے۔اس میں لکھا ہے کہ ان سب نے دہشت گردی کے حملے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا جس میں کئی بے گناہ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔بیان میں لکھا گیا ’’ اس معاملے میں اپنی تحقیقات میں تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے این آئی اے نے پہلے دو دیگر ملزمین کو گرفتار کیا تھا جن میں عامر راشد علی جن کے نام پر دھماکے میں استعمال ہونے والی کار درج کی گئی تھی اور جاسر بلال وانی عرف دانش، جس نے مہلک حملے میں ملوث دہشت گرد کو تکنیکی مدد فراہم کی تھا ۔ ‘‘ اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ یہ کیس RC-21/2025-NIA-DLIمیں دہشت گردی کی مکمل سازش کو بے نقاب کرنے کی این آئی اے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔