کیرن سیکٹر میں بھارتی فوج نے انتباہی فائرنگ کی
سرینگر// یو این ایس// شمالی کشمیر کے کیرن سیکٹر میں جمعہ کو لائن آف کنٹرول کے قریب جودھا مکان بیراندوری علاقے کے اوپر تقریباً 15 پاکستانی ڈرونز پرواز کرتے ہوئے دیکھے گئے، جس پر بھارتی فوج نے فوری ردعمل ظاہر کیا۔ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کے 06 راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے ڈرونز کو فضائی حدود میں دیکھتے ہی انتباہی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد تمام ڈرونز واپس چلے گئے اور اس کارروائی کو غیر مؤثر قرار دیا گیا۔یو این ایس کے مطابق حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔ صورتحال پر قابو رکھنے کے لیے نگرانی اور سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔لائن آف کنٹرول پر سکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی فضائی سرگرمی یا ممکنہ خطرات کی روک تھام کے لیے مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔










