مقامی مصنوعات کو ملک بھر میں بڑھاوامل رہا ہے:وزیر اعظم

قومی انسانی حقوق کمیشنNHRCکا 28ویں یوم تاسیس

ہمارے آئین نے دنیا کو مساوات کا ایک نیا نقطہ نظر دیا:وزیراعظم مودی

سری نگر//قومی انسانی حقوق کمیشن NHRCکے یوم تاسیس کے موقع پر مہاتما گاندھی کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ باپوانسانی حقوق اور انسانی اقدار کی علامت ہیں۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق این ایچ آر سی یعنی قومی انسانی حقوق کمیشن کے28ویں یوم تاسیس کے موقعہ پرمنعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جب پوری دنیا پہلی جنگ عظیم کے تشدد میں لپٹی ہوئی تھی ، ہندوستان نے دنیا کو’حقوق اور عدم تشدد‘کا راستہ دکھایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا ہمارے باپو(مہاتماگاندھی) کو حقوق البشر اور انسانی اقدار کی علامت کے طور پر دیکھتی ہے۔وزیراعظم مودی نے مزید کہا کہ ہماری آزادی کی جدوجہد کے دوران تحریکیں ہندوستان کیلئے انسانی حقوق کی اقدارکیلئے تحریک کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔انہوںنے کہاکہ آزادی کے بعد بھی ، ہمارے آئین نے دنیا کو مساوات کا ایک نیا نقطہ نظر دیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کاکہناتھاکہ پچھلی کئی دہائیوں میں دنیا کئی بار پریشان ہوئی ہے لیکن بھارت اپنے اصولوں پر قائم رہا۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور قومی انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین جسٹس ارون کمار مشرا بھی تقریب میں موجود تھے۔وزیر اعظم نے پہلے کہا تھا کہ این ایچ آر سی ہماری قوم میں انسانی حقوق اور پسماندہ افراد کے وقار کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔وزیراعظم مودی نے کہاکہ کچھ لوگ کچھ واقعات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھتے ہیں لیکن اسی طرح کے دیگر واقعات میں نہیں۔انہوںنے کہاکہ سیاسی تماشوں کے ذریعے دیکھا جائے تو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔وزیراعظم نے خبردارکیاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے میں منتخب طرز عمل جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہے۔وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ، انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے12، اکتوبر 1993 کو انسانی حقوق کے تحفظ کے قانون کے تحت قومی انسانی حقوق کمیشن NHRC قائم کیا گیا تھا۔یہ کمیشن انسانی حقوق کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتا ہے ، انکوائری کرتا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی صورت میں متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی ، غلط سرکاری ملازمین کے خلاف دیگر اصلاحی اور قانونی اقدامات کیلئے عوامی حکام سے سفارش کرتا ہے۔