OMAR ABDULLAH

قمر میں 6.3 ایم وِی اے ریسونگ سٹیشن اپرکپرن میں بجلی کی سپلائی کو بہتر بنائے گا اور

اس کی کمیشننگ جون 2026 تک متوقع ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ

جموں//وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے ایوان کو بتایا کہ متوقع لوڈ میں اِضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے دودواگن میں واقع قمر کے مقام پر 6.3 ایم وی اے ریسونگ سٹیشن پر کام جاری ہے۔ اِس منصوبے کا مقصد اپر کپرن علاقے کو قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے جس کا انحصار اس بات پر بھی ہوگا کہ صارفین متفقہ اِجتماعی لوڈ کی حد کے اندر استعمال کو برقرار رکھیں۔وزیر اعلیٰ نے جاری بجٹ سیشن کے وقفۂ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ’’سمارٹ میٹرنگ کی تکمیل سے مشروط، ریسونگ سٹیشن کی کمیشننگ جون 2026 تک متوقع ہے۔

وزیر اعلیٰ نے رُکن اسمبلی نظام الدین بٹ کی جانب سے ایم ایل اے ڈورو جی اے میر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت اپر کپرن علاقے کو بجلی کی فراہمی منظور شدہ لوڈ کٹیلمنٹ پروگرام (ایل سی پی) کے مطابق نوگام چوگنڈ کے 2×6.3 ایم وی اے ریسونگ سٹیشن سے 11 کے وی کپرن فیڈر کے ذریعے برقرار رکھی جا رہی ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ قمر ریسونگ سٹیشن پر بڑے پیمانے کے کام پہلے ہی انجام دئیے جا چکے ہیں۔ منظور شدہ نظر ثانی شدہ لاگت 427.63 لاکھ روپے کے مقابلے میں اب تک مجموعی طور پر 293.44 لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا ،’’ریسونگ سٹیشن کی کمیشننگ میں تاخیر کی بنیادی وجہ نوگام چوگنڈ کے ریسونگ سٹیشن سے 33 کے وی لائن کی تنصیب اور 11 کے وی فیڈرز بچھانے کے دوران رائٹ آف وے (آر او ڈبلیو) سے متعلق مسائل رہے ہیں۔‘‘وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ رواںمالی برس 2025-26 کے دوران اِس منصوبے کے لئے 85 لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے جن میں سے 72.25 لاکھ روپے جاری کر دئیے گئے ہیں اور مکمل طور پر اِستعمال کیا جا چکا ہے۔