قبائلی امور کے وزیر نے گوجر اینڈ بکر والوں کی فلاح و بہبود کیلئے شواہد پر مبنی پالیسی اور ثقافتی تحفظ پر زور دیا

قبائلی امور کے وزیر نے گوجر اینڈ بکر والوں کی فلاح و بہبود کیلئے شواہد پر مبنی پالیسی اور ثقافتی تحفظ پر زور دیا

جموں//قبائلی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے گوجر دیس چیریٹیبل ٹرسٹ ( جی ڈی سی ٹی ) کے ٹرسٹیوں کے ساتھ ملاقات کی اور گوجر بکروال قبیلے کی فلاح و بہبود کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس ملاقات میں گوجری ثقافت ، فن اور زبان کے تحفظ اور فروغ پر گہرائی سے غور و خوض کیا گیا ، ساتھ ہی ٹرسٹ کی تعلیم ، قبائلی فلاح و بہبود اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ میں توسیع پذیر اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی ۔ مقامی شناخت کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ثقافتی تحفظ کو سماجی ، معاشی بااختیاری کے ساتھ ساتھ چلنا چاہئیے ۔ مشاورت کے دوران وزیر نے جموں و کشمیر بھر میں قبائلی برادریوں کی سماجی ، معاشی ترقی کو تیز کرنے کیلئے قبائلی امور ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کئے گئے اہم اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔ سول سوسائٹی اور سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسٹر رانا نے کہا کہ مربوط اور مسلسل کوششیں جامع اور پائیدار ترقی حاصل کرنے کیلئے ناگزیر ہیں ۔ انہوں نے ٹرسٹ سے اپیل کی کہ وہ ٹرائیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مضبوط کرے تا کہ قبائلی زندگی کے مختلف پہلوؤں جیسے روایات ، زبان ، ثقافتی طریقوں اور موجودہ سماجی ، معاشی چیلنجوں پر اعلیٰ معیار کی شواہد پر مبنی تحقیق کی جائے ۔ وزیر نے مشاہدہ کیا کہ ’’ پالیسی معتبر ڈیٹا اور فیلڈ پر مبنی تحقیق پر مبنی ہونمی چاہئیے ‘‘ اور مزید کہا کہ شواہد پر مبنی بصیرت حکومت کو قبائلی برادریوں کی حقیقی ضروریات کو پورا کرنے والے ہدف شدہ اقدامات اٹھانے اور جوابدہ پالیسیاں وضع کرنے میں مدد دے گی ۔ ٹرسٹ کے چئیر مین ارشد چوہدری نے وزیر کو ٹرسٹ کے جاری پروگراموں اور مستقبل کے نقشہ راہ سے آگاہ کیا ۔ اس ملاقات میں ڈائریکٹر ٹرائیبل افئیرز اور ڈائریکٹر ٹرائیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ جموں و کشمیر کے علاوہ جی ڈی سی ٹی کے ٹرسٹی ڈاکٹر شوکت چوہدری ، جنرل سیکرٹری صادق آزاد اور ایڈووکیٹ ذوالقرنین چوہدری بھی شریک تھے ۔