پہلگام ۔ آرو سڑک کی بحالی کا کام دسمبر 2025 ء کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ نائب وزیرا علیٰ
سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے کہا کہ پہلگام۔آرو سڑک کی بحالی کا کام جس پر تقریباً 25.40 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، جاری ہے اور دسمبر 2025 ء کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ آج قانون ساز اسمبلی میں رُکن اسمبلی الطاف احمد وانی کے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ 26 ؍اگست 2025 ء کو اچانک سیلاب کے باعث پہلگام۔آرو سڑک پر واقع کلورٹ کو نقصان پہنچا تھا، تاہم محکمہ نے دو دِن کے اندر ایک عارضی متبادل راستہ بنا کر رابطہ بحال کر دیا تھا۔ سریندر کمار چودھری نے مزید بتایا کہ جموںوکشمیر کے مختلف اضلاع میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لئے محکمہ کی جانب سے تقریباً 60 مختلف نوعیت کے کام جاری ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ صوبہ جموںمیں مستقل بحالی کے لئے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے تحت تقریباً 200 کام انجام دئیے جا رہے ہیں۔










