جموں// متعدد قانون سازوں بشمول قیصر جمشید لون، غلام محی الدین، حسنین مسعودی، پیرزادہ فیروز احمد، آر ایس پٹھانیہ اور شوکت گنائی نےسول سیکرٹریٹ میں وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا سے ملاقات کی۔دورانِ ملاقات جموں و کشمیر میں واٹر سپلائی سکیموں میں توسیع اور سیلاب سے بچائو کے کاموں کی بروقت تکمیل سمیت اہم ترقیاتی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔قبائلی بہبود اور جنگلات کے انتظام سے متعلق معاملات بھی بات چیت کے دوران نمایاں طور پر سامنے آئے۔وزیر موصوف نے قانون سازوں کی جانب سے دی گئی تعمیری تجاویز کو سراہا اور اپنے اپنے حلقۂ اِنتخاب میں ان کی فعال نگرانی کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی مسلسل نگرانی اور تعاون فلاحی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر عمل آوری کے لئے بہت ضروری ہے ۔جاوید رانا نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی ضروریات کو مؤثر اور شفافیت کے ساتھ پورا کیا جائے گا اور قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے وسیع تر مفاد میں منصوبوں کی پیش رفت پر گہری نظر رکھیں۔










