تبسم رحمان اتم بھارت پرسکار 2025 سے سرفراز
سرینگر//روایتی روف ڈانس کی معروف آرٹسٹ تبسم رحمان کو روایتی لوک فن و ثقافت کے میدان میں بہترین خدمات کے اعتراف میں اتم بھارت پرسکار 2025 سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈ انہیں سرینگر کے ٹائیگورہال میں گزشتہ روز منعقدہ ایک پروقار تقریب میں دیا گیا جس کا اہتمام گلوبل ہیومن رائٹس ٹرسٹ “GHRT” نے کیا تھا۔اس موقعہ پر یہ ایوارڈ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چئیرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی،معروف سیاسی اور یوتھ لیڈر توصیف رینہ اور گلوبل ہیومن رائٹس ٹرسٹ کے چئیرمین ڈاکٹر ایچ آر رحمان نے پیش کیا۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق سرینگر کے خانیار علاقے سے تعلق رکھنے والی تبسم رحمان خاص طور پر روایتی روف ڈانس کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آرٹ فنکاروں میں شمار کی جاتی ہے۔ تبسم رحمان نے پورے ملک میں اس شعبے میں ایک قابل احترام مقام حاصل کیا ہے۔ تبسم ‘لوٹس کلچرل گروپ’ کی سربراہ بھی اور اس گروپ سے تقریباً 20 لڑکیاں وابستہ ہیں۔ اس گروپ نے آج تک ملک کی مختلف ریاستوں میں کشمیری روایتی روف پیش کرکے کشمیر کی نمائندگی کی ہے۔تبسم کو حال ہی میں گروسمان اعزاز سے بھی نوازا گیا۔تبسم رحمان یوم جمہوریہ 2025 کی پریڈ کا حصہ بھی رہی ہے۔ تبسم رحمان کشمیر کے ایک بہترین لوک فنکاروں میں سے ایک ہیجس پر آئندہ نسل کو فخر ہے۔










