سری نگر// نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر اور صوبائی صدر جموں دیویندر سنگھ رانا نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو جموں وکشمیر کا قد آور لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ واحد ایسے لیڈر ہیں جو مجوزہ بات چیت کے سلسلے کو جموں و کشمیر کے لوگوں کی بہبودی کے لئے آگے بڑھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بات چیت لوگوں کی بہبودی کے لئے ہوگی ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف متحد جموں و کشمیر ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں فاروق عبداللہ سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘بات چیت جمہوریت کا جوہر ہے، جس بات چیت سے ہم اس دلدل سے باہر نکل سکیں گے اور جو بات چیت جموں و کشمیر اور یہاں کے لوگوں کی بہبودی کے لئے ہوگی ہم اس کی حمایت کرتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب پر ہم اعتماد رکھتے ہیں وہ صرف نینشل کانفرنس کے لیڈر نہیں ہیں بلکہ جموں و کشمیر کے سب سے قد آور لیڈر ہیں’۔
مسٹر رانا نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ واحد وہ لیڈر ہیں جو اس بات چیت کے سلسلے کو جموں و کشمیر کی بہبودی کے لئے آگے بڑھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ میں دانائی و بینائی کے ساتھ جموں و کشمیر کے لوگوں کی نمائندگی کریں گے۔
وزیر اعظم کے ساتھ اس میٹنگ کو اہم قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف متحد جموں و کشمیر ہے اور ہم اس کے ہر خطے کو یکساں حقوق دینے کے حق میں ہیں۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم ہند کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز میٹنگ کے سلسلے میں لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے بدھ کو چوتھے روز بھی نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تینوں خطوں سے وابستہ سرکردہ لیڈران کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ آج کی مشاورت پارٹی کے صوبہ جموں سے وابستہ سرکردہ لیڈران کے ساتھ ہوئی، جن میں صدر صوبہ جموں دیویندر سنگھ رانا، خالد نجیب سہروردی، اجے سدھوترا، سجاد احمد کچلو، ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، جاوید رانا، ٹی ایس وزیر اور پنڈت انیل دھر کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس سے قبل لداخ اور کرگل سے بھی پارٹی لیڈران کے وفد کی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ بات چیت ہوئی، جن میں سینیئر لیڈر قمر علی آخون اور ضلع صدر کرگل حاجی حنیفہ جان کے نام قابل ذکر ہیں جبکہ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر بھی موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن یا پی اے جی ڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے 24 جون کو دلی میں بلائی جانے والی کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس الائنس کے سربراہ فاروق عبداللہ ہی ہیں۔










