سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ڈگر ی کالج پانپور میں منعقدہ ڈسٹرکٹ بیڈ منٹن چمپئن شپ کی اِختتامی تقریب کی صدارت کی۔چمپئن شپ کا اِنعقاد جے اینڈ کے بیڈ منٹن ایسو سی ایشن پلوامہ نے گورنمنٹ ڈگر ی کالج پانپور کے تعاون سے اِنڈور سٹیڈیم گورنمنٹ ڈگر ی کالج پانپور میں کیا۔ اِس ٹورنامنٹ میں تقریباً350 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔مشیر موصوف نے اِس علاقے میں اِس طرح کے میگا سپورٹس ایونٹ کے اِنعقاد پر منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اِس سے مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کی دُنیا میں مظاہرہ کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ اُنہوں نے ٹورنامنٹ کے فاتح اور رَنر اَپس میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے مشیر موصوف نے مرکزی حکومت کے ہرحصے میں کھیل سرگرمیوں اور بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لئے شروع کی جانے والی موجودہ حکومت کے کئی اقدامات کی تفصیل سے وضاحت کی۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ اِس طرح کے کھیل ایونٹوں کو باقاعدہ بنیادوں پر منعقد کیا جائے تاکہ نوجوانوں کی توانائی کو صحیح تناظر میں اِستعمال کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ظفر حسین شال ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پانپور ڈاکٹر سیما ناز اور دیگر متعلقین موجود تھے۔










