dooran

غیر لائسنس یافتہ ٹینکر جان و مال کیلئے خطرہ

محکمہ ٹرانسپورٹ کا فیصلہ کن کریک ڈاؤن شروع کرنے کا اعلان

سرینگر/یواین ایس // سرینگر اور ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی طور پر چلنے والے موبائل ایندھن ٹینکروں نے شہریوں کی جان و مال کیلئے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں، جس کے پیش نظر محکمہ ٹرانسپورٹ نے ان کے خلاف سخت کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔یو این ایس کے مطابق ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کشمیر کی جانب سے پہلے ہی عوامی نوٹس کے ذریعے خبردار کیا جا چکا ہے کہ کئی افراد اور ادارے بغیر اجازت اور بغیر لائسنس موبائل ڈیزل ٹینکروں کے ذریعے ایندھن کی سپلائی کر رہے ہیں، جو نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ عمل موٹر وہیکلز ایکٹ 1988، پٹرولیم ایکٹ 1934 اور ایکسپلوسیو رولز 2008 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ وزارتِ ایکسپلوزیو کی منظوری کے بغیر کلاس ‘اے’ اور کلاس ‘بی’ ایندھن کی ترسیل ایک قابلِ سزا جرم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرینگر میں صرف چند موبائل ڈسپنسرز لائسنس یافتہ ہیں جبکہ اس کے برعکس درجنوں غیر قانونی ٹینکر مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں۔ماہرین کے مطابق ان غیر مجاز ٹینکروں میں حفاظتی معیار کا شدید فقدان پایا جاتا ہے۔ نہ ان میں مناسب لیک پروف نظام ہوتا ہے، نہ پریشر ٹیسٹنگ کی جاتی ہے اور نہ ہی آگ سے بچاؤ کا مؤثر انتظام موجود ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے ٹینکر جب اسکولوں، ہسپتالوں، ہوٹلوں یا تعمیراتی مقامات کے قریب استعمال کیے جاتے ہیں تو کسی بڑے سانحے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔آر ٹی او کشمیر نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر غیر قانونی موبائل ٹینکروں کا استعمال بند نہ کیا گیا تو گاڑیوں کی ضبطی، بھاری جرمانے، لائسنس کی منسوخی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف مستند پٹرول پمپوں اور لائسنس یافتہ ڈسپنسرز سے ہی ایندھن حاصل کریں۔سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر اس سلسلے میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر سرینگر معظم علی نے بتایا کہ محکمہ بہت جلد ایک جامع اور مؤثر آپریشن شروع کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کو پامال کرنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور ٹریفک سیفٹی مہم کے بعد خصوصی مہم کے تحت غیر قانونی فیول ٹینکروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یو این ایس کے مطابق ادھر شہریوں نے بھی حکومت، وزارتِ پیٹرولیم اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وادی بھر میں موبائل ڈیزل ٹینکروں کی جامع جانچ پڑتال کی جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے قبل اس خطرناک رجحان کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔