واشنگٹن/ایجنسیز// امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غیرمعمولی ذہانت اور سائنسی فہم کا مظاہرہ کرنے والے 7 سالہ بچے کو صدارتی میڈل سے نواز دیا۔یہ اعزاز اس وقت دیا گیا جب کمسن بچے نے صدر ٹرمپ کو دودھ کی پراسیسنگ سے متعلق مکمل اور تکنیکی انداز میں آگاہ کیا جس پر صدر بہت متاثر نظر آئے۔تقریب کے دوران بچے نے نہایت اعتماد کے ساتھ دودھ کی صفائی، پراسیسنگ اور محفوظ بنانے کے مراحل کی وضاحت کی جسے سن کر صدر ٹرمپ نے اس کی ذہانت اور سیکھنے کی صلاحیت کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ اتنی کم عمر میں اس قدر واضح اور جامع معلومات غیر معمولی بات ہے۔اس موقع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صدارتی میڈل عام طور پر بڑے سیاستدان، کاروباری شخصیات اور بااثر افراد حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن آج وہ یہ اعزاز ایک ایسے بچے کو دے رہے ہیں جس نے اپنی ذہانت اور علم سے سب کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بچے ہی مستقبل کی قیادت اور اختراع کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔تقریب میں موجود شرکاء نے بھی بچے کی کارکردگی اور اعزاز پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ سوشل میڈیا پر اس واقعے کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بچوں میں سیکھنے اور تحقیق کا شوق مزید بڑھے گا۔










