سری نگر//وزیراعظم مودی کی زیرصدارت سہ پہر کے وقت شروع ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں اپنائے جانے والے لائحہ عمل اوراختیار کئے جانے والے موقف پرغوروخوض کیلئے جمعرات کی صبح سابق وزیراعلیٰ اورکانگریس کے سینئررہنما غلام نبی آزادکی نئی دہلی میں واقع رہائش گاہ پرایک میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں کانگریس کی جموں وکشمیرشاخ کے صدرجی اے میراورجموں وکشمیرکے سابق وزیراعلیٰ تاراچند نے شرکت کی ۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق پارٹی کے سینئررہنما غلام نبی آزادکیساتھ مشاورت کیلئے جی اے میراورتاراچند صبح کے وقت اول الذکرکی رہائش گاہ پرپہنچے ۔اس دوران معلوم ہواکہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی صدارت میں کانگریس کی جموںوکشمیر سے متعلق پالیسی پلاننگ کمیٹی کاایک اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا،جس میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والی میٹنگ میں شامل ہونے والے کانگریس لیڈران جموں وکشمیرکیلئے مکمل ریاستی درجے کی بحالی اوروہاں جلدسے جلد اسمبلی انتخابات کرانے کامطالبہ کریں گے ،اوراسی مطالبے پرمیٹنگ کے دوران توجہ مرکوز رکھیں گے۔میٹنگ کے بعدکانگریس کی جموں وکشمیرشاخ کے صدرغلام احمدمیرنے بتایاکہ کل جماعتی اجلاس میں جموں وکشمیرکیلئے مکمل ریاستی درجے کی بحالی اوروہاں جلد اسمبلی انتخابات کرانا ہمارا مطالبہ رہے گا۔جی اے میرکاکہناتھاکہ بدقسمتی سے اس کل جماعتی اجلاس کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ یہ کھلی اور آزاد بحث ہوگی۔










