Eid_rush_2026

عید کی آمد، عرفہ پرسری نگر کے بازارخریداروں سے بھر گئیں

لال چوک سے ڈاؤن ٹاؤن تک رش، بارش اور ٹریفک جام نے خریداری کو مشکل بنا دیا

سرینگر// یو این ایس//عیدالفطر کی آمد سے قبل سری نگر کی مارکیٹوں میں غیر معمولی چہل پہل دیکھنے کو مل رہی ہے، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد کپڑے، جوتے، زیورات اور گھریلو اشیاء ی خریداری میں مصروف ہے۔شہر کے مرکزی تجارتی مرکز لالچوک سے لے کر پرانے شہر کی گنجان گلیوں تک، گزشتہ چند دنوں کے دوران خریداروں کا رش مسلسل بڑھ رہا ہے، جو عید کی تیاریوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔یو این ایس کے مطابق تاہم اس بڑھتے ہوئے رش کے ساتھ ساتھ ٹریفک کا شدید دباؤ بھی شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ شدید بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت مزید متاثر ہوئی اور چند منٹوں کا سفر گھنٹوں پر محیط ہو گیا۔شہر کے مختلف علاقوں جیسے حیدرپورہ، نٹی پورہ، ایم اے روڈ، قمر واری، شالتینگ، حبہ کدل، نوہٹہ چوک، خانیار، صورہ، لال بازار اور نشاط میں بدھ کے روز ٹریفک کی صورتحال انتہائی خراب رہی، جہاں گاڑیاں سست روی کا شکار رہیں۔عبداللہ برج اور دیگر اہم راستوں پر بھی ٹریفک کا دباؤ دن بھر برقرار رہا، جبکہ حضرت بل، سعیدہ کدل اور مہاراج بازار جیسے علاقوں میں سڑک کنارے دکانداروں کی وجہ سے راستے مزید تنگ ہو گئے، جس سے صورتحال مزید گھمبیر ہو گئی۔ادھر عید کی خریداری کے باعث مارکیٹوں میں رش اپنے عروج پر ہے۔ خاص طور پر گونی خان اور امیرا کدل کے اطراف خواتین کی بڑی تعداد زیورات، چوڑیاں اور دیگر اشیاء خریدتی نظر آ رہی ہے، جبکہ کئی خواتین مہندی لگواتی بھی دکھائی دیں۔بازاروں میں کپڑوں اور جوتوں کی دکانوں پر بھی خاصی بھیڑ دیکھنے کو ملی، جہاں والدین اپنے بچوں کے ساتھ عید کے لیے نئے ملبوسات خرید رہے ہیں۔ ڈاؤن ٹاؤن سری نگر میں جامع مسجد سرینگرکے اطراف گھریلو سجاوٹ کی اشیاء جیسے پردے، قالین اور دیگر سامان کی خریداری میں بھی اضافہ ہوا ہے، کیونکہ لوگ عید کے لیے اپنے گھروں کو سجانے میں مصروف ہیں۔ادھر گوشت اور مرغی کی دکانوں پر بھی مانگ میں اضافہ دیکھنے کو ملا، جہاں لوگ عید کی ضیافت کے لیے پیشگی خریداری کر رہے ہیں۔بیکری اور کنفیکشنری کی دکانوں پر بھی خاصی رونق دیکھی جا رہی ہے، جہاں کیک، پیسٹری، بسکٹ اور دیگر اشیاء کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔معروف دکانیں جیسے مغل دربار، جی این بیکرس،بلیو ربن،جان بیکری اور جنتا بیکرز پر خریداروں کا مسلسل رش دیکھا گیا، جبکہ دیگر بیکری مالکان کے مطابق عید قریب آنے کے ساتھ ساتھ آرڈرز میں مزید اضافہ متوقع ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ بارش کے باوجود خریداروں کا جوش و خروش کم نہیں ہوا اور خاص طور پر شام کے اوقات میں رش مزید بڑھ جاتا ہے۔دوسری جانب، ٹریفک جام اور بارش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی والدین نے شکایت کی کہ بچوں کو اسکول سے گھر پہنچنے میں گھنٹوں لگ گئے۔ٹریفک حکام کے مطابق عید کے پیش نظر رش کو کم کرنے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔مجموعی طور پر سری نگر میں ایک طرف عید کی خوشیوں کا جوش ہے تو دوسری جانب ٹریفک اور موسمی حالات نے شہریوں کے لیے مشکلات بھی پیدا کر دی ہیں۔