جے اینڈ کے بینک کے 4 دن میں 8,300 کروڑ روپے کے لین دین
سرینگر//یو این ایس / عیدالفطر سے قبل جموں و کشمیر میں بینکاری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا، جہاں جموں کشمیر بنک نے محض چار دنوں میں 8,300 کروڑ روپے سے زائد کے لین دین ریکارڈ کیے، جس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا واضح غلبہ رہا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 16 سے 19 مارچ کے درمیان نان برانچ بینکاری کے تحت مجموعی طور پر 5 کروڑ 94 لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز ہوئیں، جن کی مالیت تقریباً 8,393.88 کروڑ روپے رہی، جو عید سے قبل خریداری کے دوران بڑھتی معاشی سرگرمیوں کی عکاسی کرتی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق یو پی آئی سے نمایاں ادائیگی ذریعہ رہا، جس کے ذریعے 4 کروڑ سے زائد ٹرانزیکشنز انجام دی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 3,125 کروڑ روپے رہی۔یو این ایس اسی طرح موبائل بینکنگ سروس کے ذریعے بھی زبردست سرگرمی دیکھنے کو ملی، جہاں 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز کے ذریعے تقریباً 2,991.70 کروڑ روپے کا لین دین ہوا۔اگرچہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں تیزی آئی ہے، تاہم نقد رقم کا استعمال بھی برقرار رہا۔ اس دوران اے ٹی ایم سے 15 لاکھ 50 ہزار سے زائد بار رقم نکلوائی گئی، جس کی مالیت 658.57 کروڑ روپے رہی، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تہواروں کے دوران نقدی اور ڈیجیٹل دونوں طریقے ساتھ ساتھ استعمال ہو رہے ہیں۔مزید برآں، ای-بینکنگ کے ذریعے ہائی ویلیو ٹرانزیکشنز بھی نمایاں رہیں، جہاں 1,466 کروڑ روپے کے لین دین ریکارڈ کیے گئے، جبکہ کیوسک بینکنگ نے دور دراز علاقوں میں 65 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کے ذریعے 152.61 کروڑ روپے کی سہولت فراہم کی۔ماہرین کے مطابق رمضان المبارک کے اختتام اور عید کی خریداری کے عروج کے ساتھ یہ رجحان مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ خطے میں ڈیجیٹل بینکاری کے استعمال میں گزشتہ چند برسوں سے مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔










