عیدقربان :قربانی کے جانوروںکی خریداری میں تیزی

عیدگاہ سری نگرمیں رش:ہزاروںکی تعدادمیں بھیڑ بکریاں دستیاب،قیمتوں کولیکر بحث وتکرار

سری نگر//عیدالاضحی کی تقریب سعید نزدیک آنے کیساتھ ہی پوری کشمیر وادی میں قربانی کے جانوروں کی منڈیاں سجنے لگی ہیں ،جہاں لوگ کوٹھداروں ،قصابوں اوربکروالوں سے بھیڑ اوربکریاں خریدرہے ہیں ۔نمائندےکے مطابق سری نگرمیں اسوقت بھیڑ بکریوں کاسب سے بڑا بازار تاریخی عیدگاہ میں سجاہوا ہے ،جہاں بکروالوں اوربھیڑ بکریوں کاکاروبار کرنے والے مقامی لوگوںنے بھی ہزاروںکی تعدادمیں بھیڑ بکریاں دستیاب رکھی ہیں ۔بکروالوں ،کوٹھداروں ،قصابوں اورمویشی پالن سے وابستہ دوسرے لوگوں نے اپنے بھیڑوں اوربکریوں پرمخصوص رنگ کے نشان لگائے ہیں تاکہ بھیڑ بکریوںکی ادلابدلی نہ ہو۔عیدگاہ سری نگرمیں لگائے گئے بھیڑ بکریوں کے بازارمیں مختلف نسلوں کے جانور دستیاب ہیں ،جن میں کشمیری نسل بھی شامل ہے تاہم بکروالوں کے بھیڑ اوربکریاں کافی تندرست نظرآتی ہیں ۔یہاں صبح سے ہی شہرکے مختلف علاقوں سے لوگ آکر عیدالاضحی کے موقعہ پرذبح اورقربانی کیلئے بھیڑ بکریاں خریدنے آتے ہیں ،اورقیمت پراتفاق ہوجائے تو لوگ یہاں سے اپنی پسند کے بھیڑ اوربکریاں ساتھ لیکر جاتے ہیں ۔خریدوفروخت کے وقت قیمتوں کے معاملے پر کافی بحث بھی ہوتی ہے ،اوربھیڑ بکریاں خریدنے کے خواہشمند کہتے ہیں کہ اُن سے اضافی دام یاقیمتیں وصول کی جاتی ہیں ۔عیدگاہ سری نگرمیں لگے جانوروں کے بازار سے بھیڑ یا بکریاں خریدنے کیلئے آئے کچھ لوگوںنے بتایاکہ بکروال ،کوٹھدار،قصاب اورمویشی پالن سے وابستہ دوسرے لوگ بھیڑ بکریاں منہ مانگے داموں پرفروخت کررہے ہیں ،اورکوئی ان سے اسبارے میں پوچھنے والا نہیں ۔ایک شخص کاکہناتھاکہ میں ہرسال عیدالاضحی کے موقعہ پر جانوروں کی قربانی دیتا ہوں اورہرسال مجھے اس بابرکت اورمقدس دن کے موقعہ پر عام دنوںسے کہیں زیادہ قیمت میں بھیڑخریدنا پڑتا ہے۔دیگر کچھ لوگوںنے بتایاکہ 9جولائی کومحکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی جانب سے بھیڑ بکریوں کاریٹ لسٹ جاری کیاگیا ،جسکی رئو سے دہلی والا اورمیرنیو کراس اقسام کے زندہ بھیڑوں کی قیمت فی کلو285روپے اوربکروال وکشمیری اقسام کے بھیڑوں کی قیمت فی کلو270روپے مقررکی گئی ہے ،انہوں نے بتایاکہ متعلقہ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالاسلام میرکی جانب سے جاری ریٹ لسٹ میں زندہ بکریوںکی قیمت 260روپے فی کلو رکھی گئی ہے ۔لیکن یہاں بھیڑ بکریاں فروخت کرنے والے سبھی طبقے لوگوں سے اضافی یامنہ مانگے دام وصول کرتے ہیں ۔اُدھر کوٹھداروں ،قصابوں،بکروالوں اورمویشی پالن سے وابستہ دوسرے لوگ کہتے ہیں کہ انتظامیہ کی جانب سے بھیڑ بکریوںکی مقررکی گئی قیمت کافی کم ہے ۔کچھ ایسے لوگوںنے بتایاکہ ہمیں بھیڑ بکریوں کوپالنے پرکافی خرچ کرنا پڑتا ہے اورہمارے لئے یہی ذریعہ معاش ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اگرحکومت ہی ہمیں بھیڑ بکریاں فراہم کرے توہم اس میں زیادہ خوش ہیں کیونکہ ہم ایک جانورکوفروخت کرنے پرصرف دس یابیس روپے لیں گے۔